پیپلز پارٹی سے مذاکرات میں کچھ ہوا تو جنرل مشرف کی مرضی کے مطابق ہی ہوگا ۔ شیخ رشید ۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے خلوص کا مذاق اڑایا گیا تو نتائج کچھ بھی ہو سکتے ہیں ۔ پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 16 جنوری 2007 14:28

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16جنوری2007 ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم مسلم لیگ کو متحد اور اسکی حکومت دیکھنا چاہتے ہیں مگر کچھ لوگ ہیرو بننے کے چکر میں زیرو بن جائینگے ۔ پیپلز پارٹی سے مذاکرات ہو رہے ہیں مگر بیل منڈیر پر نہیں چڑھی گی اور اگر کچھ ہوا تو وہ جنرل مشرف کی مرضی کے مطابق ہی ہوگا ۔بینظیر بھٹو اے پی سی میں نہیں امریکہ جائیں گی ۔

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے اپنے لوگوں اور جوانوں کی قربانیاں دی ہیں لیکن اگر کسی نے ہمارے خلوص کا مذاق اڑایا تو بد دلی کے نتائج کچھ بھی ہو سکتے ہیں ۔ 23مارچ سے مشاہیر مسلم لیگ ٹرین راولپنڈی سے کراچی کیلئے چلائی جائیگی ۔ وہ گزشتہ روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ کسی بھی ایک صوبے کے انتخابات پہلے ہونا غیر آئینی بات نہیں لیکن مجھے پتہ نہیں پہلے کس کے ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اپنے وقت اور آئین کے مطابق بنے گی ہم چاہتے ہیں کہ اس میں اپوزیشن کے لوگ بھی آئیں ۔ پیپلز پارٹی سندھ اور پنجاب میں شفاف انتخابات بارے زیادہ دلچسپی لے رہی ہے وزیر اعظم کا فیصلہ آنے والی اسمبلی کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال کے مطابق جنرل مشرف موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ اگلی مدت کیلئے منتخب ہونگے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کیلئے ٹرین این او سی ملنے کے اڑتالیس گھنٹے بعد ہی چلا دی جائے گی جسکے لئے ہم ہر وقت تیار ہیں ۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم افغانستان کی صورتحال کو بہتر دیکھ رہے ہیں اور جو چیز امریکی ٹیلی سکوپ نہیں دیکھ سکتی وہ ہمارے جوان سرحدوں پر بیٹھ کر دیکھ رہے ہیں ۔ ہم نے دہشتگردی کیخلاف جنگ خلوص سے لڑی ہے اور اس میں اپنے لوگوں اور جوانوں کی قربانی دی ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے پہلے امن کی کوئی نہر یں نہیں بہہ رہی تھیں حکومت امن و امان کیلئے بہتر اقدامات کر رہی ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ریلوے میں زیادہ سے زیادہ پرائیویٹ سیکٹر کا م کرے جس کے لئے ہم انہیں انتہائی مناسب کرائے پر ٹریک دینے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لاہور سے ایک ٹرین چلا رہے ہیں جسکے لئے 23پرائیویٹ پارٹیوں کو ایک ایک ڈبہ دیا گیا ہے ۔23مارچ کو راولپنڈی سے کراچی کیلئے چلائی جانیوالی ٹرین وی آئی پی ہو گی جس میں کٹرنگ کا ٹھیکہ کسی فائیو سٹار ہوٹل کو دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کے اوقات کار میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے او ربہت جلد ٹرینوں کے اوقات درست ہو جائینگے ۔