پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے درمیان لڑائی کرانے والوں کو ناکامی ہوگی ۔ امین فہیم

اتوار 21 جنوری 2007 16:55

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21جنوری2007 ) بحالی جمہوریت کیلئے قائم اتحاد اے آر ڈی کے سربراہ مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ امریکی صدر جارج ڈبلیو بش دہشت گردی کو عالمی سطح پر فروغ دے رہے ہیں پاکستانی حکومت اور امریکی صدر کی پالیسیاں ایک ہیں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) سیاسی حلیف ہیں جو لوگ ان کے درمیان لڑائی کرانا چاہتے ہیں انہیں ناکامی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں بین الاقوامی جذبہ ہم آہنگی کے نام سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق‘ پیپلز پارٹی کے عبدالقادر شاہین‘ پیر یاسین شاہ‘ فیروز الدین ہزاروی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا مخدوم امین فہیم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سیاسی حلیف ہیں جو لوگ ان میں لڑائی کرانا چاہتے ہیں انہیں ناکامی ہوگی انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے اندر بحالی جمہوریت کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو کو میاں نواز شریف کی جانب سے لندن میں بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں روکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے دونوں بڑی جماعتوں میں مشاورت کا عمل جاری ہے مخدوم امین فہیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ اے پی سی کا دائرہ کار بڑھایا جائے تاکہ اس کو مزید فعال بنایا جائے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جارج ڈبلیو بش دنیا بھر میں دہشت گردی کو بڑھا رہے ہیں ان کے اقدامات سے لاکھوں جانیں ضائع ہوچکی ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری وجودہ حکومت کی پالیسیاں امریکی صدر کی پالیسیوں سے ہم آہنگ ہیں جن کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں بدامنی پھیل رہی ہے انہوں نے کہا کہ مسلمانون کو اپنے اندر اعتماد پیدا کرنا ہوگا آج دنیا میں جتنی مذہبی ہم آہنگی کی ضرورت ہے اس سے قبل نہ تھی انہوں نے کہا کہ عراق افغانستان اور دنیا بھر میں امریکی جارحانہ پالیسیوں کے باعث حالات خراب سے خراب تر ہورہے ہیں راجہ ظفر الحق نے کہا کہ امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کی پالیسیوں کو مغرب اور یورپ کے اندر بھی پسند نہیں کیا جارہا امریکی صدر کی پالیسیوں سے دنیا بھر میں بے یقینی اور عدم استحکام پیدا ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بھی امریکی صدر کی پالیسیوں کو فروغ دے رہی ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں عدم استحکام پھیل رہا ہے انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے اندر اتحاد پیدا کرنا ہوگا ورنہ نائن الیون کی طرح مزید بہانے بنا کر ان پر عرصہ حیات تنگ کردیا جائے گا سیمینار سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتحاد پیدا کریں اور پوری دنیا میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :