بھارت میں 93 فیصد لوگ خدا پر یقین رکھتے ہیں۔ سروے

جمعرات 25 جنوری 2007 14:58

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25جنوری2007 ) بھارت میں 93 فیصد لوگ خدا پر یقین رکھتے ہیں۔ بھارتی اخبار کے مطابق معاشرتی ترقی و روابط سے متعلق ادارے سی ایس ڈی ایس کی جانب سے مذہبی عقائد سے متعلق کئے گئے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت میں تعلیم یافتہ لوگوں کی اکثریت خدا کی ذات پر یقین رکھتی ہے جبکہ دیہی علاقوں کے لوگ جس میں زیادہ تر معمر افراد ہیں اپنے مذہبی عقائد سے معمولی انحراف کا بھی نہیں سوچ سکتے۔

(جاری ہے)

سروے میں بھارت بھر سے 7670 افراد کی رائے لی گئی سروے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی شہری جو زیادہ تر تعلیم یافتہ ہیں ان پڑھ اور دیہاتی عوام سے زیادہ مذہبی ہیں اور شہری خواتین دیہاتی خواتین سے زیادہ مذہبی معاملات میں آگے ہیں سروے کے مطابق نوجوان نسل مذہب کے معاملے میں زیادہ جذباتی نہیں تاہم مذہب کی جانب رجحان بڑھ رہا ہے سروے میں مزید بتایا گیا ہے کہ 64 فیصد عوام مسجد‘ مندر یا گردوارہ جاتے ہیں جبکہ 53 فیصد عوام روزانہ اپنی مذہبی عبادات ادا کرتے ہیں‘46 فیصد لوگ بھوتوں اور چڑیلوں پر یقین رکھتے ہیں اور 24 فیصد دست شناسوں سے مشورے لیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :