ملک کے انتشار اور افراتفری کی طرف بڑھنے کی تمام صورتحال کی ذمہ داری جنرل مشرف پر ہے،قاضی حسین احمد،پیپلز پارٹی کے بیانات روز بدلتے رہتے ہیں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا،ورکشاپ سے خطاب

اتوار 28 جنوری 2007 22:45

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جنوری۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے صدر و امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی والوں کے بیانات ہر روز تبدیل ہوتے رہتے ہیں جس پر میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا ۔ملک کے انتشار اور افراتفری کی طرف بڑھنے کی تمام صورتحال کی ذمہ داری جنرل مشرف پر ہے ۔جنرل مشرف کی غلط داخلہ و خارجہ پالیسیوں کی بنا پر ملک میں بم دھماکے ہو رہے ہیں امن و امان تباہ ہو چکاہے مظلوم اور نہتے لوگ اپنے حقوق کی پامالی پر احتجاج کر رہے ہیں ۔

امریکی اشارے پر ملک کا نظام تعلیم ، نظریاتی اساس اور ثقافت کو تباہ و برباد کیا جارہاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز جماعت منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب کی میڈیا ورکشاپ سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد نے کہاکہ امریکہ عراق ، افغانستان اور فلسطین میں مظلوم لوگوں کا قتل عام کر رہاہے جبکہ بھارت کشمیری مسلمانوں پر مظالم توڑ رہاہے یہ ریاستی دہشت گردی ہے ۔

امریکہ کو ن سی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کر رہاہے ۔ امریکہ تو خود نہتے مظلوم لوگوں کا قتل عام کر رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پشاور کا بم دھماکہ ٹارگٹ کلنگ ہے پشاور پولیس کے سربراہ ملک سعد کو ٹارگٹ بنایا گیاہے یہ کوئی فرقہ وارانہ کاروائی نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ افغان صدر حامد کرزئی نے شوکت عزیز کے دورہ افغانستان کے موقع پر خود کہاکہ پاکستان طالبان کو افغانستان میں مداخلت کے لیے بھیج رہاہے ۔

امریکہ کی مکمل تابعداری کے باوجود امریکی ایما پر افغانستان کا کٹھ پتلی حکمران میزبانی کے تمام تر آداب کو بالائے طاق رکھ کر اپنی داخلی افراتفری کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال رہاہے ۔ امریکی کانگریس میں پاکستان کی حکومت کو دباؤ میں رکھنے کے لیے قوانین پاس ہو رہے ہیں لیکن جنرل پرویز مشرف اس کے باوجود امریکہ کا تابع مہمل بنے ہوئے ہیں اور امریکی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اپنی قوم سے برسر پیکار ہیں۔

مخدوم امین فہیم کے بیان کہ پیپلز پارٹی جنرل مشرف کے ہوتے ہوئے الیکشن میں حصہ لے گی کے متعلق پوچھے گئے سوال پر قاضی حسین احمد نے کہاکہ پیپلز پارٹی والوں کے بیانات ہر روز تبدیل ہوتے رہتے ہیں جس پر میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا ۔ میاں نواز شریف کی طرف سے بلائی جانے والی مجوزہ اے پی سی کے متعلق قاضی حسین احمد نے کہاکہ آج مسلم لیگ ن کے سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال نے رابطہ کیاہے لیاقت بلوچ اور احسن اقبال مل کر اس پر مزید گفتگو کریں گے ۔ قاضی حسین احمد نے کہاکہ مشرف حکومت نے اسلام آباد کی 84 مساجد کو نوٹس جاری کیے ہیں مساجد کو گرانا بچوں کا کھیل نہیں ہے ۔ ۔