قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ایم ایم اے کے اجلاس میں کیا جائیگا۔ قاضی حسین احمد

جمعہ 2 فروری 2007 15:01

لا ہو ر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین02فروری2007 ) متحد ہ مجلس عمل کے سر بر اہ قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کی غلط خارجی اور داخلی پالیسیوں کی وجہ سے سیاستدان دل کے مریض ہو رہے ہیں ۔ جنرل مشرف غیر آئینی اور غیر قانونی صدر ہیں ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ایم ایم اے کے اجلاس میں کیا جائیگا۔ وہ گزشتہ روز ڈاکٹر ز ہسپتال میں مولانا فضل الرحمن کی عیادت کے بعد گفتگو کر رہے تھے ۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ ملک کے حالات انتہائی پریشان کن ہو چکے ہیں اور پوری عوام خوفزدہ ہے کیونکہ جنرل مشرف امریکہ کی جنگ اپنے ملک میں لڑ رہے ہیں ۔ حکمرانوں کا مزید اقتدار میں رہنا انتہائی خطرناک ہو گا۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ جنرل مشرف کی آمریت ہے جس کے خاتمے کیلئے ہم جدوجہد کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی صحت یابی کے بعد ان سے ایم ایم اے کے اجلاس کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا جائیگا۔

قبل ازیں انہوں نے مولانا فضل الرحمن کی عیادت کی اور انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدر ی ‘مولانا عطاالرحمن ‘مولانا لطیف الرحمن ‘عزیز الرحمن اور دیگر نے بھی مولانا فضل الرحمن کی عیادت کی ۔