ایران کیخلاف فوجی کارروائی کوئی آپشن نہیں‘ ایٹمی تنازعہ مذاکرات سے حل کیا جائے جرمنی

منگل 6 فروری 2007 12:00

ابوظہبی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06فروری2007 ) جرمنی نے ایران کیخلاف فوجی کارروائی کے آپشن کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی تنازعہ مذاکرات سے حل کیا جائے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک لیکچردیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جرمن چانسلر نے کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر ساری دنیا کو تشویش ہے اور اس معاملے پر عالمی برادری کو دباوٴ بڑھاناچاہیے۔ انہوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہنی چاہئیں تاہم ایران کے خلاف فوجی کارروائی کوئی آپشن نہیں ہے۔ لبنان بارے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انجیلا مرکل نے کہا کہ یورپی یونین اور جرمنی لبنان میں خودمختارحکومت کے قیام کے لیے وزیراعظم فواد سینیوراکی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ `