اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری کانفرنس 5مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ وزیراعظم افتتاح کریں گے۔کانفرنس میں 250 مندوب شرکت کریں گے ۔غلام سرور کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 9 فروری 2007 16:13

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09فروری2007 ) وزارت محنت افرادی قوت اور سمندر پار پاکستانیز کے زیر اہتمام پانچ مارچ سے دو روزہ اوورسیز پاکستانیز سرمایہ کاری کانفرنس اسلام آباد میں ہوگی کانفرنس کا افتتاح وزیراعظم شوکت عزیز کریں گے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر محنت افرادی قوت غلام سرور خان نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وزیر مملکت برائے رضا حیات ہراج بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ پانچ مارچ سے شروع ہونے والی کانفرنس میں دو سو پچاس سے زائد مندوبین نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے ان میں سے 36 مندوبین سعودی عرب سے 29برطانیہ‘ 22 یو اے ای‘ 12 مندوبین قطر سے شرکت کریں گے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کار اس کے علاوہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ملکی سرمایہ کاروں کو ملک کے اندر سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا ہے چونکہ بیرون ملک میں موجود سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں اس لئے انہیں اس بارے میں مشاورت کا عمل بھی مکمل کرنا ہے تاکہ ان کی سرمایہ کاری کو محفوظ کیا جاسکے اور اس بارے میں اوورسیز کے سرمائے کو قانونی تحفظ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امن و امان بنیادی طور پر صوبائی حکومتوں کا مسئلہ ہے اور اس کیلئے وفاقی حکومت ان کی معاونت کررہی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار ملک کے اندر انفارمیشن ٹیکنالوجی زراعت اور مینو فیکچرنگ میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اوورسیز کالجز کے اساتذہ کے احتجاج کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے اساتذہ کا کنٹریکٹ نوے دنوں کا تھا جو بڑھا کر ایک سال کیلئے کردیا گیا اب ہماری خواہش ہے کہ کالج کا تعلیمی معیار بہتر ہو اور اس مقصد کیلئے جو نیئر کلاسوں کے لئے تعلیمی معیار بی اے بی ایس سی اور بی بی اے کا رکھا گیا ہے اوورسیز کلاسوں کیلئے ایم اے ایم ایس سی کا رکھا گیا ہے جو بھی اس معیار پر پورا اترے گا اس کا کنٹریکٹ بڑھا دیا جائے گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ل ہم اوورسیز کالجوں کا معیار اور اساتذہ کی تنخواہیں الاؤنس بیکن اور فروبلز سے بہتر بنا رہے ہیں۔