حفاظتی اقدامات عالمی معیار کے مطابق نہیں‘ یورپی ممالک میں پی آئی اے کی 33پروازوں پرپابندی عائد

پی آئی اے حکام کا اظہار لاعلمی ‘ باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا‘ ایسا کوئی واقعہ پیش آیا تو عالمی عدالت سے رجوع کرینگے‘ چیئرمین پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن

ہفتہ 24 فروری 2007 16:45

برسلز+کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24فروری2007 ) یورپی یونین نے پی آئی اے کی 33پروازوں پر تمام یورپی ممالک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے اور کہا ہے کہ اس کے حفاظتی اقدامات عالمی معیار کے مطابق ہیں اور نہ ہی مسافروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سفری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ۔ انسپکشن کے بعد یقین دہانی کے باوجود پاکستانی حکام مسائل پر قابو نہیں پا سکے۔

دوسری جانب پی آئی اے نے اس قسم کے کسی بھی فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ابھی باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا اگر ایسا کچھ ہوا تو وہ عالمی عدالت سے رجوع کریں گے۔ ایک ٹی وی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی 33 پروازوں پر یورپ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایاکہ یورپی یونین کا موقف ہے کہ پی آئی اے کے حفاظتی اقدامات عالمی معیار کے مطابق نہیں ہیں جبکہ مسافروں کو بھی عالمی معیار کے مطابق سفری سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی۔

جبکہ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے ماہرین کی جانب سے یہ تجاویز برسلز میں ہونے والے ایک اجلاس میں دی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پی آئی اے کی کئی پروازیں حفاظتی نکتہ نظر سے صحیح نہیں ہیں اور ان کے حفاظتی اقدامات عالمی معیار کے نہیں جس کے باعث بڑے پیمانے پر حادثات اورجانی نقصان کا خدشہ پیدا ہوتا ہے اس لئے 27یورپی ممالک میں انہیں بلیک لسٹ کیا جائے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی پروازیں فرانس ‘ برطانیہ ‘ ہالینڈ اور اٹلی سمیت مختلف یورپی ممالک میں جاتی ہیں جبکہ یورپی یونین کے ذرائع کے مطابق انسپکشن کے بعد پاکستانی حکام نے وعدہ کیا تھا کہ وہ مسائل پر قابو پائیں گے اور مشکلات کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں گے اس پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا او رماہرین نے اس پر عدم اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام نے کام مکمل نہیں کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمیشن نے ماہرین کی تجاویز تسلیم کر لی ہیں اور اس سلسلے میں پی آئی اے کی بعض پروازوں کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ دوسری جانب پی آئی اے نے یورپی یونین کے کسی بھی پابندی کے فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور پی آئی اے کے چیئرمین طارق کرمانی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہمیں ابھی تک یورپی یونین کی طرف سے لگائی جانے والی پابندیوں کی تحریری اور باضابطہ طور پر کوئی اطلاع نہیں دی گئی اور اگر ایسا کوئی واقعہ پیش آیا تو ہم عالمی عدالت سے رجوع کریں گے۔

متعلقہ عنوان :