پولیس افسروں کے ہاتھوں چیف جسٹس کی بے حرمتی پوری قوم کیلئے باعث شرم ہے۔ بینظیربھٹو

بدھ 14 مارچ 2007 19:37

اسلام آباد (اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار14 مارچ2007) پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو نے کہا ہے کہ پولیس افسروں کے ہاتھوں چیف جسٹس کی بے حرمتی پوری قوم کیلئے باعث شرم ہے۔بد ھ کو اپنے ایک بیان میں محترمہ بینظیر بھٹو نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی چیف جسٹس کے ساتھ پولیس کی ہاتھا پائی کی سخت مذمت کرتی ہے اور سپریم کورٹ سے اس پر تشدد سلوک کرنے والوں کے خلاف ازخود نوٹس لے کر کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔

محترمہ بینظیر بھٹو نے کہا کہ فوجی حکومتوں کے ہاتھوں سیاسی لیڈران پر تشدد کیا جاتا رہا ہے اور اب عدالتی لیڈران بھی تشدد اور لاقانونیت کا شکار ہیں جسے قوم کو ہر صورت میں روکنا ہوگا۔ پیپلز پارٹی تمام مخالفتوں کو پر امن اور قانونی طریقوں سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے نہ کہ تشدد کے ذریعے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے یاد دلایا کہ خاتون اول بیگم نصرت بھٹو کو ان کے سر پر ڈنڈا مار کر زخمی کیا گیا تھا جس سے ان کے چہرے سے خون بہہ کر نیچے گر رہا تھا اور دنیا دیکھتی رہی تھی۔

خواتین پارلیمنٹیرینز جیسا کہ ڈاکٹر عذرا پیچوہو پر قاتلانہ حملہ ہوا لیکن کابینہ کے ایک وزیر حملہ آوروں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی نمائندہ کے کپڑے تارتار کئے گئے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی، بارایسوسی ایشن کے سابق صدر سینیٹر لطیف کھوسہ کو زخمی کیا گیا لیکن معاشرہ خاموش رہا اور اب آج چیف جسٹس کے ساتھ تشدد کی تصاویر شائع ہوئی ہیں۔

محترمہ بینظیر بھٹو نے کہا کہ مجرموں کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے نہیں تو ایک دن ایسا بھی آجائے گا جب سیاست، پارلیمنٹ، عدلیہ اور فوج بھی محفوظ نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ ایران کے بعد انارکی پھیل گئی تھی کیونکہ تمام ادارے تباہ ہوگئے تھے اور یہی صورتحال افغانستان اور عراق میں بھی ہوئی۔ انہوں نے پاکستانی قوم کی جانب سے مطالبہ کیا کہ حکمران طاقت کی ہوس سے باہر نکلیں اور جن لوگوں نے چیف جسٹس پر تشدد کیا ہے ان کے خلاف انضباطی اور عدالتی کارروائی کرکے اداروں کو مستحکم کرنے کے لئے پہلا قدم اٹھایا جائے۔