اسلام آباد میں‌پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ، اسٹریٹجک پارٹنر شپ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

اتوار 1 اپریل 2007 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2007ء) پاکستان اور چین نے اسٹرٹیجک پارٹنر شپ اور دہشت گردی سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔اسلام آباد میں وزیر خارجہ خورشید محمد قصوری نے اپنے چینی ہم منصب لی ژاؤ سنگ کے ساتھ ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی اوربین الاقوامی مسائل کے حل کے لئے دونوں ممالک کے نظریات میں ہم آہنگی ہے اور ہم مل کر خطے کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں گے ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی پچپن برسوں پر محیط ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم آئندہ پانچ برس میں پندرہ ارب ڈالر کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے ۔

جبکہ خلائی سائنس میں تعاون کے لئے مختلف امور کا جائزہ لیا جارہا ہے۔انہوں‌نے کہاکہ پاکستان سارک میں چین کو بطور مبصر خوش آمدید کہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی ہے اور پاکستان تمام مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے جس پر پیش رفت جاری ہے ۔اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین سارک ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور پاکستان کو اسٹرٹیجک پارٹنر ہونے کے ناطے کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑیگا۔ان کا کہنا تھا کہ چین شروع سے خلاء کو فوجی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے خلاف ہے تاہم پرامن مقاصد کے لئے سارک ممالک بالخصوص پاکستان کی مدد کی جا سکتی ہے۔