زہریلی گیس سے 500 سے زائد طالبات متاثر ہوئیں،مولانا عبدالعزیز

منگل 17 اپریل 2007 21:39

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2007ء) جامعہ حفصہ پر پھینکی گئی کیمیائی گیس کے اثرات سے 500سے زائد معلمات و طالبات شدید متاثر ہوئیں۔ منگل کے روز صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ حفصہ کی ابتدائی کلاسوں کی طالبات جن کی عمریں 5سے 9سال کے درمیان تھیں نے کہا کہ ہم کلاسوں میں اپنا سبق یاد کر رہیں تھیں کہ اچانک ایک ہیلی کاپٹر قریب آیا جس سے ایک رسی لٹک رہی تھی ۔

ہیلی کاپٹر سے کیمیائی گیس کا سپرے کیا گیا جس سے ہماری آنکھوں میں آنسو اور ناک میں گیس بھر گئی ہماری کلا س کی کئی طالبات بیہوش ہو کر گر گئیں۔اور آج بھی ہم سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس وقت کیمیائی گیس کا سپرے کیا گیا ہم گھبر ا کر کلاسوں سے نکل کر چھت کی طرف بھاگیں اور ہماری معلمات نے پانی سے کپڑے بھگو کر آنکھو ں اور ناک پر رکھنے کا کہا۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر ایک معلمہ نے کہا کہ جب ہیلی کاپٹر کے ذریعے جامعہ پر گیس پھینکی گئی تو میں نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو فون کر کے حقیقت سے آگاہ کیا ۔انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس معاملے کی تفصیلات کا علم نہیں۔ میں معلومات حاصل کر کے جامعہ حفصہ کی طرف آتا ہوں لیکن 24گھنٹے گزر جانے کے باوجود چوہدری محمد علی ابھی تک نہیں آئے۔

معلمہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے گیس حملے کے فوراً بعد ایک نجی ٹی وی نے کلاس روم میں آ کر ویڈیو بنائی اور اس نے خود بھی تصدیق کی جبکہ جس وقت گیس فائر کی گئی اس وقت سوئزرلینڈکی دو خواتین صحافی موجود تھیں انہوں نے بھی تمام واقعے کو کور کیااور بعد ازاں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔ معلمہ ام عبداللہ نے کہا کہ ہم سے نجی ٹی وی والوں نے وعدہ کیا ہے کہ گیس متاثر ہ طالبات کی ویڈیو جامعہ کو مہیا کر دی جائے گی۔