سپریم کورٹ نے سید حماد رضا کے قتل پر ازخود نوٹس لے لیا ،سماعت روزانہ کی بنیادپر ہو گی۔جسٹس جاوید اقبال

پیر 14 مئی 2007 18:57

اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار14 مئی 2007) سپریم کورٹ نے ایڈیشنل رجسٹرار سید حماد رضا کے قتل پر ازخود نوٹس لے لیا ہے۔سپریم کورٹ کے سینئر جج مسٹر جسٹس جاوید اقبال اورعدالت عظمیٰ کے دیگر جج مقتول حماد رضا کی رہائش گاہ پر پہنچے ۔انہوں نے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ اسلام آباد جیسے شہر میں یوں کسی بھی شخص کا قتل ہوجانا افسوسناک عمل ہے۔

انہوں نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائش گاہ کے اردگرد پولیس کی نگرانی تھی لیکن اس کے باوجود قتل کے ملزمان وہاں سے باآسانی فرار ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اس کیس کا خود جائزہ لے گی اور روزانہ کی بنیاد پر براہ راست اس کیس کی تحقیقات کرائے گی۔