لاہور ہائی کورٹ نے حج ٹور آپریٹرز کا حج کوٹہ منسوخ کر دیا‘ وزارت مذہبی امور کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ۔ سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی جون میں شروع ہو گی۔اعجاز الحق

جمعرات 24 مئی 2007 15:21

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار24 مئی2007) وزارت مذہبی امور کی طرف سے ملک بھر کے 544 پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو دیئے گئے حج کوٹہ کی لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے منسوخی کے فیصلے کے بعد وزارت مذہبی امور اور حج ٹور آپریٹرز نے الگ الگ سپریم کورٹ میں رٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے وفاقی وزیر مذہبی امور محمد اعجاز الحق نے اس سلسلہ میں بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد پرائیویٹ ٹورآپریٹرز سال 2007ء کیلئے حجاج کی بکنگ نہیں کر سکتے اس طرح وزارت مذہبی امور نے دسمبر 2006ء کیلئے جن ٹور آپریٹرز کو رجسٹرڈ کیا تھا ان سمیت تمام ٹور آپریٹرز کی رجسٹریشن ہائی کورٹ کے فیصلے کے باعث معطل ہو گئی ہے وزارت مذہبی امور فیصلے کی مصدقہ نقل حاصل کرنے کے بعد لاء ڈویژن سے رائے لینے کے بعد اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا- انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ حج ٹورآپریٹرز از خود بھی رٹ کرنے کے بارے میں غور کر رہے ہیں یہ ان کی اپنی مرضی ہے کہ وہ عدالت جاتے ہیں یا کہ نہیں؟ ایک سوال کے جواب میں محمد اعجاز الحق نے بتایا کہ سال 2007ء حج کی سرکاری سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا کام جون کے تیسرے ہفتے میں شروع ہو جائے گا وزارت کی کوشش ہے کہ حج اخراجات میں اضافہ نہ کیا جائے حج درخواستوں کی وصولی کیلئے تمام شیڈول بنکوں سے بات چیت مکمل ہو چکی ہے تاہم پی آئی اے کے کرایوں کے حوالے سے فیصلہ ہونا باقی ہے اس سلسلہ میں وزیراعظم شوکت عزیز کے پاس وزارت مذہبی امور اپنی سمری بھیج رہی ہے محمد اعجاز الحق نے کہا کہ اس سال سعودی حکومت نے پاکستان کے حج کوٹہ میں دس ہزار کا اضافہ کیا اس طرح اس سال پاکستان سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار عازمین حج فریضہ ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت 80 ہزار کے قریب لوگ حج ادا کریں گے ایک اور سوال کے جواب میں اعجاز الحق نے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو مکمل چھان بین اور شفاف طریقہ سے رجسٹرڈ کیا گیا تھا ہائی کورٹ کا فیصلہ آ گیا ہے جس کی وجہ سے تمام ٹور آپریٹرز کی رجسٹریشن معطل ہے دریں اثناء راولپنڈی و اسلام آباد سمیت لاہور اور پشاور کے پرائیویٹ ٹورآپریٹرز کی ایسوسی ایشنوں نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیلئے رٹ تیار کر لی ہے-