وزیراعظم شوکت عزیز اور افغان صدر حامد کرزئی کی پچیس منٹ تک علیحدگی میں بات چیت

منگل 5 جون 2007 21:43

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جون۔2007ء) صدر حامد کرزئی اور وزیر اعظم شوکت عزیز کے مابین منگل کو صدارتی محل میں ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت درپیش صورتحال اور تنازعات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، دونوں رہنماؤں کی یہ ون آن ون ملاقات پچیس منٹ تک جاری رہی ، جس میں پاک افغان تعلقات افغان مہاجرین کی وطن واپسی ، گرینڈ جرگہ سمیت صدر جنرل پرویز مشرف اور صدر حامد کرزئی کی انقرہ میں ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھانے کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ایجنڈے کے حوالے سے یہ ملاقات بڑی مفید رہی ہے اور ملاقات بڑے خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے ، وزیر اعظم شوکت عزیز اور صدر حامد کرزئی نے اس ملاقات میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی اور دونوں ملکوں کو ایک جیسے درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹنے کی کوششوں کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا ، ملاقات کے بعد دونوں رہنما بڑے خوشگوار موڈ میں صدارتی محل سے باہر آئے اور چنار کے قدیم ترین درختوں کے سائے میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔