رجسٹرار نے بے نظیر بھٹو کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی ، جسٹس رانا بھگوان داس نے منظور کرلی، جمعرات کو بنچ میں لگانے کی ہدایت ،الیکشن کمیشن،نادرا وغیرہ سے جواب طلب کرلیا

پیر 23 جولائی 2007 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2007ء ) سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی طرف سے کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں سے کروڑوں افراد کے نام خارج کرنے کے خلاف دائر کی گئی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی ۔

(جاری ہے)

تاہم اپیل کرنے پر جسٹس رانا بھگوان داس نے چیمبر میں سماعت کرتے ہوئے درخواست منظور کرلی اور جمعرات کو بنچ میں لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن، ڈائریکٹر جنرل نادرا، سیکرٹری قانون اور سیکرٹری پارلیمانی امور سے اس حوالے سے جواب طلب کرلیا ۔

رجسٹرار نے مختلف اعتراضات لگائے تھے تاہم جب چیمبر میں جسٹس رانا بھگوان داس نے سماعت کی تو بے نظیر بھٹو کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ یہ بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے کروڑوں لوگوں کے نام فہرست میں درج نہ کرکے انہیں ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ جسٹس رانا بھگوان داس نے ان کی درخواست سے اتفاق کرتے ہوئے رجسٹرار کا اعتراض ختم کردیا اور جمعرات کو یہ درخواست بنچ میں لگانے کی ہدایت کی ۔