کوئٹہ، نامعلوم مسلح افرادکی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق۔ تفصیلی خبر

بدھ 5 ستمبر 2007 18:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5ستمبر۔2007ء) صوبائی دار الحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو ایف سی اہلکاروں سمیت3افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح کوئٹہ میں بروری روڈ پروحدت کالونی کے سٹاپ نمبر دو کے قریب موٹرسائیکل پر گشت کرنے والے فرنٹیئر کور کے دو اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حوالدر فاروق اور سپاہی آصف جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر قریب کھڑا دکاندار عابد علی بھی جاں بحق ہوگیا ۔

فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ واقعہ کے بعد ایف سی اور پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو ہسپتال پہنچادیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان کے مطابق دونوں ایف سی اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ مسلح حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت کھلی چھوٹ نہیں دی جائے گی اور ان کو کیفر کردار تک پہنچادیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب کوئٹہ شہر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت ہے شہر کی اہم شاہراہوں پر اے ٹی ایف ، ایف سی ، پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کی چوکیاں قائم کی گئی ہے جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر میں سیکورٹی مزید سخت کردی ہے اور مختلف مقامات پر ناکے لگا کر مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چیکنگ شروع کردی ہے۔