بیت المال غریبوں کے مسائل کے حل کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، وزیراعظم شوکت عزیز،حکومت معاشی ترقی کے ثمرات کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ، وزیر اعظم کی زبیدہ جلال سے گفتگو

جمعرات 20 ستمبر 2007 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ شوکت عزیز نے غریب عوام کے لئے شروع کئے گئے پاکستان بیت المال کے مختلف منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے غریبوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وزارت سماجی بہبود کی وفاقی وزیر زبیدہ جلال سے ملاقات کے دوران کیا۔

شوکت عزیز نے کہا کہ ان منصوبوں سے غریب لوگوں کو مفت علاج معالجے ، پیشہ وارانہ تربیت کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی میسر آ سکیں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بیت المال کے اس اقدام سے کینسر ، ہیپاٹائٹس اور دل کے پیچیدہ امراض کا علاج بھی بہت سہل ہو جائے گا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا حکومت اس کے علاوہ بھی غریب عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا حکومت نے نیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے تین ہزار سے زائد تربیت یافتگان کو نقد ایوارڈ دئیے ہیں ۔ شوکت عزیز نے کہا کہ حکومت نے معاشی ترقی کے ثمرات کو عام آدمی تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے بیت المال کی اعلیٰ کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت نے بیت المال کے فنڈز میں اضافہ کر دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔ زبیدہ جلال نے وزیر اعظم کو اپنی وزارت کی مجموعی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا۔