کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو کاروبار میں اتار چڑھاؤ

منگل 25 ستمبر 2007 17:25

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25ستمبر2007) اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو کاروبار میں اتار چڑھاؤ کی صورتحال رہی اور کاروبار کے اختتام پر محدود پیمانے پر مندی ہوئی، انڈیکس 13200 کی حد برقرار نہیں رکھ سکا۔ کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا مگر سیمنٹ سیکٹر میں فروخت کے دباؤ نے مارکیٹ کے مثبت رحجان کو منفی میں تبدیل کردیا ایک موقع پر انڈیکس 13178 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا اور اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 23.08 پوائنٹس گھٹ کر 13197.04 پر بند ہوا۔

49 فیصد شیئرز کی قیمتیں کم ہوگئیں اور کاروباری حجم پیر کی نسبت 17.29 فیصد کم رہا۔ 348 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروباری سرگرمیاں رہیں جن میں سے 172 کے بھاؤ گھٹ گئے اور 141 کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ 35 کے دام مستحکم رہے۔ مجموعی طور پر 17 کروڑ 37 لاکھ 94 ہزار 300 حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 21 کروڑ ایک لاکھ 43 ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا تھا۔

(جاری ہے)

مندی کے باعث حصص کی مالیت 15 ارب 36 کروڑ 13 لاکھ 96 ہزار 917 روپے کم ہوکر 40 کھرب 36 ارب 21 کروڑ 52 لاکھ 78 ہزار 298 روپے رہ گئی۔

فوجی فرٹیلائزر مارکیٹ لیڈر رہا جس کے ایک کروڑ 42 لاکھ 64 ہزار شیئرز کی خرید و فروخت رہی اور اس کے شیئرز کی قیمت 35 پیسے اضافے سے 44.10 روپے ہوگئی۔ ڈی جی خان سیمنٹ کے حصص کے دام 60 پیسے کم ہوکر 107.85 روپے رہ گئے جبکہ عارف حبیب سیکورٹی کے دام 1.80 روپے بڑھ کر 137.30 روپے پر پہنچ گئے۔ ماہرین اسٹاک کا خیال ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف کے دع عہدے کے خلاف آئینی درخواست پر متوقع فیصلے کے باعث سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری سے گریز کررہے ہیں ۔

کے ایس ای 30 انڈیکس 10.50 پوائنٹس کم ہوکر 15904.67 پر بند ہوا۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے سب سے زیادہ اضافہ یونی فلیور پاکستان فوڈز اور نیشنل فوڈز کے بھاؤ 45 روپے اور 18.15 روپے بڑھ کر 1075 روپے اور 382.05 روپے ہوگئے جبکہ رفحان معیز اور پاک سروسز کے شیئرز کی قیمت 47.50 روپے اور 25 روپے کم ہوکر بالترتیب 1900 روپے اور 525 روپے رہ گئے۔