بھارت، اترپردیش پولیس کا کالعدم تنظیم جیش محمد سے تعلق رکھنے والے تین شدت پسندوں کوگرفتار کرنے کا دعویٰ

جمعہ 16 نومبر 2007 17:31

لکھنئو (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار16 نومبر2007) بھارتی ریاست اترپردیش کی پولیس نے کالعدم تنظیم جیش محمد سے تعلق رکھنے والے تین شدت پسندوں کوگرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں پاکستانی شہری ہیں اور ان کا منصوبہ بعض اہم سیاست دانوں کو اغوا کرنا تھا۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وکرم سنگھ نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں جمعہ کی صبح لکھنوٴ کے نواحی علاقے میں ایک جھڑپ کے بعد ہوئی ہیں لیکن اس تصادم میں کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد میں27 سالہ محمد عابد عرف ایوب کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ21 سالہ یوسف فیصل کا ملتان سے اور26 سالہ مرزا رشید کا تعلق گجرانوالہ سے ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں ایک جعلی شناختی کارڈ لے کر سفر کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ان افراد کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا اور ان سے برآمد اسلحے کی نمائش کی گئی جس میں اے کے 47 رائفل، چینی ساخت کے پستول، ہینڈ گرینڈ اور کثیر تعداد میں کارتوس شامل ہیں۔

سپیشل ٹاسک فورس کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے پولیس خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سخت مستعدی دکھا رہی تھی۔ ایسی اطلاعات بھی آ رہی ہیں کہ شدت پسند کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے بیٹے راہل گاندھی یا بیٹی پرینکا گاندھی کو اغوا کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ ٹاسک فورس کے ایڈشنل ڈائریکٹر جنرل شیلجا کانت نے بتایا کہ یہ شدت پسند تخریب کاری کی سرگرمیاں انجام دینا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد سے پتہ چلا ہے کہ انتہا پسند تنظیمیں جیلوں میں قید بعض شدت پسندوں کی رہائی کی بھی کوششیں کر رہی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے ان تینوں کو افغانستان اور پاکستان کے کیمپوں میں تربیت دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :