عراق، بم دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5شہری ہلاک ، 17 زخمی ، 35مسخ شدہ لاشیں برآمد، رواں سال عراق میں تشدد کے واقعات میں 55فیصد کمی آئی ہے ، امریکی فوج کا دعویٰ۔اپ ڈیٹ

اتوار 18 نومبر 2007 19:34

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18نومبر۔2007ء) عراق میں بم دھماکوں کے دو مختلف واقعات میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5 شہری ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے،جنوبی بغداد سے 35مسخ شدہ لاشیں برآمد،ادھر امریکی فوج نے دعویٰ کیاہے کہ رواں سال عراق میں تشدد کے واقعات میں 55فیصد کمی آئی ہے ۔ عراقی سیکورٹی ذرائع کے مطابق عراقی شہر موصل میں پولیس کے قافلے کے قریب ایک کار میں ہونے والے بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور پانچ پولیس اہلکار سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے ۔

دوسرا دھماکا تکریت میں پولیس اسٹیشن میں ہوا جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ ادھربغداد کے جنوب علاقے سے35مسخ شدہ لاشیں ملی ہیں ۔ سیکیورٹی عہدیدار کے مطابق لاشیں بغداد کے جنوب میں مضافاتی علاقے ہاور رجاب میں زیر تعمیر عمارتوں سے ملیں ۔

(جاری ہے)

خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ یہاں ایسے مردوں کی لاشوں کو ٹھکانے لگایا جاتا تھا جو بغداد جانے کے لیے یقینی طور پر جنوبی علاقوں سے آتے تھے لیکن انہیں راستے ہی میں ہلاک کر دیا جاتاہے ۔

لاشوں کو بغداد کی ایک مسجد میں لایا گیا جہاں سے انہیں پولیس کے سپرد کر دیا گیا،پولیس کے مطابق ان افراد کو کم از کم سات ماہ پہلے ہلاک کیا گیا تھا۔دوسری جانب امریکی فوج کے ترجمان کے مطابق عراق میں تشدد کے واقعات میں 55فی صد کمی آگئی ہے ۔ بیان کے مطابق تشدد کے واقعات میں یہ کمی رواں سال جون میں مزید تیس ہزار امریکی فوج تعیناتی کے بعد ہوئی ۔ تاہم ترجمان کے مطابق عرا ق میں مزاحمت کارروں کی سرگرمیوں ابھی تک مکمل طورپر ختم نہیں ہوئی جن کے خلاف اتحادی فوج برسرپیکار ہے۔