راولپنڈی، کرال چوک میں نوازشریف کے استقبالیہ قافلے پر فائرنگ، چارکارکن جاں بحق،سردار سکندر حیات اوران کے بیٹے سمیت16زخمی ۔واقعہ ن لیگ اور ق لیگ کے درمیان تصادم ہے،اے ایس پی سہالہ۔(اپ ڈیٹ)

جمعرات 27 دسمبر 2007 18:15

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 27. دسمبر2007 ) راولپنڈی کے علاقے کرال چوک میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نوازشریف کے استقبالیہ قافلے پر فائرنگ سے ن لیگ کے چار کارکن جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن کے مقامی امیدواروں مخدوم جاوید ہاشمی، حنیف عباسی، چوہدری تنویر اوردیگر کی قیادت میں ن لیگ کا ایک قافلہ گوجرخان سے راولپنڈی پہنچنے پر نواز شریف کے استقبال کے لئے جارہا تھا کہ کرال چوک پر نامعلوم افراد نے قافلے پر ایک گھر سے شدید فائرنگ شروع کردی، پولیس کے مطابق فائرنگ میں ن لیگ کے چار کارکنوں کے جاں بحق اور تین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے ترجمان صدیق الفاروق کے مطابق فائرنگ سے چار کارکن جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے سا ت کی حالت نازک ہے،انہوں نے بتایا کہ جاں بحق اورزخمی ہونے والے تمام افراد مسلم لیگ ن کے کارکن ہیں، بعض اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات خان اوران کے بیٹے سردار فاروق سکندر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری ٹی وی اے ایس پی سہالہ شعیب جانباز کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ واقعہ نوازلیگ اور مسلم لیگ (ق)کے درمیان تصادم ہے، جس میں چار افراد جاں بحق اور16 زخمی ہوئے ہیں،جاں بحق اورزخمیوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوں میں پہنچادیا گیا ہے۔