Live Updates

پیپلز پارٹی نے اگر اب بھی دانشمندانہ فیصلہ نہ کیا تو وفاق کی علامت خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔عمران خان ۔۔۔ نوازشریف سمیت تمام سیاسی جماعتیں پہلے ہی انتخابات کا بائیکاٹ کر دیتی تو ہم بینظیر بھٹو جیسی لیڈر سے محروم نہ ہوتے ‘بینظیر بھٹو کی شہادت پر اظہار خیال

ہفتہ 29 دسمبر 2007 15:40

لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 27. دسمبر2007 ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کا بائیکاٹ کر کے نئے اور آزاد پاکستان کی طرف قدم بڑھائیں‘بدسے بدترین جمہوریت‘عالی سے عالی شان آمریت سے ہزار درجے بہتر ہوتی ہے ‘راولپنڈی ابھی تک ذوالفقار علی بھٹو کا داغ نہیں دھو پایا گیا کہ اسکے ماتھے پر بے نظیر بھٹو کے خون سے نئی تاریخ رقم کر دی گئی ہے ۔

بھٹو خاندان کی جمہوریت کیلئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ‘جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے ‘پاکستان کو اس وقت وقتی اقتدار نہیں بلکہ ملکی سالمیت اور شہید ذوالفقار علی بھٹو والی جمہوریت درکار ہے ‘آئندہ چند روز میں اے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مستقبل کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز بے نظیر بھٹو کی شہادت پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔

عمران خان نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے بہیمانہ قتل کے بعد وہ تمام خدشات درست نکلے کہ حکومت الیکشن کا کھیل رچا کر اصل حقائق سے عوام کی توجہ ہٹانا چارہی تھی ۔ بے نظیر بھٹو کا قتل حکومت کی غلط پالیسیوں کی خواہ ملکی سطح پر ہوں یا بین الاقوامی سطح پر ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اب وفاق پاکستان کی سالمیت کو برقرار رکھنے کا سوال بھی پیدا ہو گیا ہے ‘اصل میں جمہوریت کا قتل کیا گیا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ میری تمام تر کوششوں ‘اپیلوں اور بروقت فیصلوں کے باوجود اپوزیشن کی پارٹیاں ایک نقطہ پر متفقہ نہ ہو سکیں بدقسمتی سے نوازشریف بھی بائیکاٹ کا اعلان کر کے انتخابات میں جا کودے اور اسی حکومتی پالیسی کی بھینٹ چڑھ گئے جس سے میں انہیں بچانا چاہتا تھا کل کے بائیکاٹ اور آج کے بائیکاٹ میں یہ فرق پڑا کہ ہم ایک مدبر اور بڑی سیاسی جماعت کی قائد سے محروم ہو گئے ۔

انہوں نے کہا کہ آمریت کا نمائندہ آخری سانسیں لے رہا ہے اس سے پہلے کہ یہ عفریت اپنے پنجوں سے کئی اور قیمتی جانیں لے لے ہمیں ملکر انکے تمام حربوں کو ناکام بنانا ہو گا جو پاکستان کی سالمیت ‘اسلام کی حاکمیت اور بنیادی انسانی حقوق کو پامال کئے ہوئے ہے ۔ اگر خدانخواستہ پاکستان کو کچھ ہو گیا تو ہم کسی قابل نہیں رہینگے ۔ ملک سلامت رہا تو کئی انتخابات لڑے جا سکتے ہیں ۔

عمران خان نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کی قیادت سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر اب بھی انہوں نے کوئی دانشمندانہ فیصلہ نہ کیا تو وفاق کی علامت خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔ انتخابات ملک کی ضرورت نہیں بلکہ پرویز مشرف اور اسکے بے رحمانہ نظام کے خاتمے کی ضرورت ہے ‘یہ آخری معرکہ ہو گا اگر ہم ملکر کسی ایک نکاتی ایجنڈے پر مل بیٹھیں تو آج تمام ہمدردیاں آپ کے ساتھ اور ملک سے اٹھنے والی صدائیں آپ کو پکار رہی ہیں کہ ہمیں وقتی اقتدار نہیں ملکی سالمیت اور شہید ذوالفقار علی بھٹو والی جمہوریت درکار ہے اب فیصلہ آپ کے ہاتھوں میں ہے کہ آپ پرویز مشرف کے سائے تلے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں یا پھر آزاد پاکستان کی خاطر فیصلہ کن لڑائی لڑنا چاہتے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات