آصف زرداری سونیا گاندھی بننے کی کوشش کررہے ہیں‘ نواز شریف مسلم لیگ ن کا نام زرداری اینڈ کمپنی رکھ لیں‘چوہدری پرویز الہی کا ملتان میں خطاب

منگل 8 جنوری 2008 15:18

ملتان (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 08. جنوری2008 ) سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف مسلم لیگ ن کو بدنام کررہے ہیں جبکہ آصف علی زرداری کے شریک چیئرمین بننے سے پیپلزپارٹی کا مستقبل ختم ہو گیا ہے منگل کو ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان کے علاقے شیر شاہ سے منتخب ہونے والے سابقہ افراد اعلی عہدوں پر فائز رہے لیکن انہوں نے علاقے کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا انہوں نے کہا کہ مسل لیگ ق نے اپنے دور اقتدار کے دوران 130 ارب روپے علاقے کی خوشحالی کیلئے خرچ کئے- پیپلزپارٹی نے اپنے دورہ حکومت کے دوران علاقے کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا- زرداری کے شریک چیئرمین بننے کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کا کوئی مستقبل نہیں رہا- انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سونیا گاندھی بننا چاہتے ہیں ابھی ان کی حکومت آئی بھی نہیں اور انہوں نے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اس وقت گہرے صدمے میں ہے ایک پیپلزپارٹی کی قائد قتل ہو گئیں اور دوسرا صدمہ قیادت زرداری کے ہاتھوں میں چلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پنجاب میں مسلم لیگ ن نے جلاؤ گھیراؤ کی جو سیاست کی ہے اس سے اس کا وجود ختم ہو گیا ہے اور میاں نواز شریف مسلم لیگ کو بدنام کر رہے ہیں انہوں نے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ مسلم لیگ کا نام چھوڑ کر زرداری اینڈ کمپنی میں شامل ہو جائیں انہوں نے کہا کہ ملک میں صرف ایک واحد جماعت رہ گئی ہے جو مسلم لیگ ق ہے جو چاروں صوبوں سے انتخاب لڑ رہی ہے اور انشاء اللہ کامیاب بھی ہو گی-