پاکستان میں ہر طرف ناامیدی‘ پریشانی اور اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے، مایوسی قوموں کیلئے زہر قاتل ہوا کرتی ہے، عام انتخابات میں حکومت کا دھاندلی کا پکا ارادہ ہے، قانونی پیچیدگیاں خوش کن بیانات سے حل نہیں ہوتیں۔ میاں نواز شریف

منگل 29 جنوری 2008 17:45

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین29 جنوری2008 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات قریب ہیں لیکن پاکستان میں ہر طرف ناامیدی‘ پریشانی اور اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ مایوسی قوموں کیلئے زہر قاتل کے جیسی چیز ہوا کرتی ہے۔ منگل کو غیر ملکی ذرائع ابلاغ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بددلی کی کیفیت صرف الیکشن کے حوالے سے نہیں ہے بلکہ پاکستان میں جس طرح عام حالات پائے جاتے ہیں وہی اس کا سبب ہیں اور ان اسباب کے جو ذمے دار ہیں‘ ان سے سب ہی اچھی طرح واقف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو کوئی صدمہ پہنچے تو اسے جھیل لیتی ہے لیکن جب اس پر مایوسی طاری ہو جائے تو یہ بہت ہی خطرناک علامت ہوتی ہے اور بدقسمتی سے یہ ملک کے ہر شعبے میں سرایت کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ جن ملکوں میں نظام حکومت قائم رہتا ہے اور پٹڑی سے نہیں اترتا وہاں لوگ راستے سے بھٹکتے نہیں اور قانون و آئین کی حکمرانی پر قائم رہتے ہیں۔

نتیجتاً ان ملکوں میں کبھی بھی مایوسی نہیں دیکھی جاتی۔ بلکہ ایسی قومیں ہمیشہ پھلتی پھولتی رہتی ہیں جبکہ بظاہر ان کے کتنے ہی مسائل کیوں نہ ہوں وہ بتدریج اپنے مسائل سے نکلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو آئرلینڈ کا مسئلہ درپیش تھا تو فوج درمیان میں نہیں تھی اور سیاستدانوں نے مسئلے کو حل کر دکھایا۔ سابق مشرقی پاکستان کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک سیاسی مسئلہ تھا لیکن یہ سلسلہ فوج کی شکست میں نمودار ہوا۔

اگر سویلین حکومت کوئی مسئلہ حل نہیں کرسکتی تو کوئی دوسرا تو بالکل ہی نہیں کریگا۔ 18 فروری کے عام انتخابات کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کا دھاندلی کا پکا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی پیچیدگیاں خوش کن بیانات سے حل نہیں ہو جاتیں۔

متعلقہ عنوان :