پشاورہائی کورٹ نے جنوبی وزیرستان کے تین امیدواروں کوالیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کاحکم

جمعہ 7 مارچ 2008 19:40

پشاور( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین07 مارچ 2008 ) پشاورہائی کورٹ نے این اے 41جنوبی وزیرستان میں انتخابات کوبوجہ کالعدم قراردینے اورہارنے والے امیدوارکی جانب سے دائردرخواستوں کومسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کاحکم صادرکیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس شاہ جی رحمان اورجسٹس محمدعالم خان نے این اے41جنوبی وزیرستان کے امیدواروں مولانا عبدالمالک ،غالب خان اورجہانزیب خان کی جانب سے دائر الگ الگ درخواستوں کی سماعت کی ۔

سماعت کے دوران درخواست گزار عبدالمالک کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ 18فروری کے انتخابات میں درخواست گزار نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بعدازاں ناکام امیدوار غالب خان کی درخواست پر الیکشن کمشن آف پاکستان نے بعض پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کرائے جس میں غالب خان نے برتری حاصل کی انہوں نے عدالت سے استدعاکہ پہلے نتائج کے مطابق درخواست گزار کوکامیاب قراردیا جائے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح غالب خان کی جانب سے دائررٹ درخواست کی سماعت شرو ع کی توان کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ چونکہ درخواست گزار نے مختلف پولنگ سٹشنوں پر دوبارہ پولنگ کے دوران واضح برتری حاصل کی ہے ۔اس موقع پر تیسرے امیدوار درخواست گزار کی جانب سے دائر رٹ درخواست کی شروع کی توعدالت کوبتایا گیا کہ اٹھارہ فروری کوہونے والے عام انتخابات میں جنوبی وزیرستان میں امن واما ن کی خراب صورت حال کی وجہ سے 18ہزار افراد نے نقل مکانی کی تھی جس کی بناء پر ان لوگوں نے اپنی حق راہی استعمال نہیں کیا ہے انہوں نے عدالت سے استدعا کیا ہے کہ مذکورہ حلقہ میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں ۔

فاضل ڈویژن بنچ نے دلائل مکمل ہونے پر تینوں امیدواروں کی آئینی درخواستیں ناقابل سماعت ہونے پر خارج کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کاحکم دیا۔