میانمار میں سمندری طوفان سے متاثر علاقوں کیلئے عالمی برادری کی جانب سے چھ کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان، فوجی جنتا نے غیر ملکیوں رضاکاروں کو امدادی کارروائیوں میں شامل کرنے سے انکار کردیا

جمعہ 9 مئی 2008 15:30

میانمار میں سمندری طوفان سے متاثر علاقوں کیلئے عالمی برادری کی جانب ..
ینگون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مئی۔2008ء) میانمار میں سمندری طوفان سے متاثر علاقوں کیلئے عالمی برادری نے اب تک چھ کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان کیا ہے ۔ فوجی جنتا نے کہا ہے کہ اسے بیرونی امداد چاہیئے مگر غیر ملکی امدادی کارکن نہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان، برطانیہ اور اقوام متحدہ نے ایک ایک کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان کیا ہے ۔

عالمی برادی کی جانب سے اعلان کردہ مجموعی امدادی رقم چھ کروڑ ڈالرز سے زائد ہوگئی ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ وہ میانمار جنتا کے سینئر فوجی جنرل تھان شوئی سے براہ راست بات چیت کرنا چاہتے ہیں تاکہ امدادی کاموں میں حائل رکاوٹوں کو دورکیا جا سکے ۔ اب تک ایک لاکھ افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ ہے ۔

(جاری ہے)

متاثرہ علاقوں میں مقامی امدادی کارکن سڑکوں سے ملبہ ہٹا رہے ہیں۔ جاپان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی نائب وزیرخارجہ جان نیگروپونٹے نے میانمار جنتا سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر ملکی امدادی کارکنوں کو متاثرہ علاقوں میں کارروائی کی اجازت دے ۔ اس سے پہلے وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا تھا کہ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کیلئے امریکا کے چار جہاز تھائی لینڈ سے میانمار کی جانب روانہ کردیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب میانمار کی وزات خارجہ نے ایک بیان میں کہاہے کہ طوفان سے متاثر علاقوں کیلئے غیر ملکی امداد قبول ہے مگر غیر ملکی امدادی کارکنوں کو اپنے ملک میںآ نے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ میانمار کے سرکاری اخبار میں شائع ہونے والے بیان میں کہا ہے کہ فی الحال حکومت کی ترجیح بیرونی امداد کو متاثرہ علاقوں میں تقسیم کرنا ہے ۔ گزشتہ روز بغیر اجازت کے ینگون پہنچنے پر قطر کے امدادی کارکنوں کو واپس بھیج دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :