استعفوں میں ہم نے صدر کو نہیں بلکہ ایوان صدر کو مخاطب کیا ہے کیونکہ مسلم لیگ نواز صدر کو آئینی صدر تسلیم نہیں کرتی۔سابق سینئر وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان

منگل 13 مئی 2008 17:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2008ء) سابق وفاقی وزیر چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ استعفوں میں ہم نے صدر کو نہیں بلکہ ایوان صدر کو مخاطب کیا ہے کیونکہ مسلم لیگ نواز صدر کو آئینی صدر تسلیم نہیں کرتی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پندرہ استعفوں کی قربانی کوئی آسان بات نہیں تھی لیکن اس عمل سے ہم اللہ تعالی اور عوام کے سا منے سرخرو ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ استعفے منظو ہوں یا نہ ہوں مسلم لیگ حکومت کے کے فیصلوں میں شریک نہیں ہوگی۔چوہدری نثار نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ہر حالت میں دفاع کیا جائے گا کیونکہ پنجاب میں عوام نے نواز لیگ کو مینڈیٹ دیا ہے ۔ حکومت کسی سے خیرات میں نہیں ملی بلکہ نو سال تک ایک آمر کا مقابلہ کیا ہے جس کے بعد یہ پوزیشن حاصل کی ہے ۔ میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ایک آمر کے سامنے کلمہء حق کہا لہذا اگر میڈیا پر کوئی وار کیا گیا تو نواز لیگ میڈیا کے ساتھ کھڑی ہوگی۔