ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز ہو گئے

ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر کی مالیت بھی 13 ارب 31 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 مئی 2024 21:45

ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز ہو گئے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 مئی 2024ء) ملک کے سرکاری زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز ہو گئے، ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر کی مالیت بھی 13 ارب 31 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہو گیا۔

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 8 ارب 6 ہزار ڈالر ہوگئے، دیگر بینکوں کے ذخائر میں بھی 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، اضافہ کے بعد دیگر بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 31 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔ ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، اس وقت ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 31 کروڑ کی سطح پر آگئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اپریل میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 181 فیصد کا بڑا اضافہ ہو گیا۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ کی نسبت اپریل 2024ء میں برآمدات میں 8.67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات کا کل حجم 2 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد ریکارڈ ہوا، مارچ 2024 کے دوران برآمدات کا حجم 2 ارب 57 کروڑ ڈالر سے زائد تھا۔ ادارہ شماریات کے مطابق اپریل 23 کی نسبت اپریل 2024 میں برآمدات میں 10.02 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا، رواں مالی سال کے 10 ماہ میں برآمدات میں 9.10 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے اپریل کے دوران 25 ارب 28 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں، گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 23 ارب 17 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی برآمدات ہوئی تھیں۔ اپریل 2024 میں مارچ کی نسبت درآمدات میں 3.08 فیصد کی کمی ہوئی، اپریل 24ء میں اپریل 23ء کی نسبت درآمدات میں 58 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے 10 ماہ میں درآمدات میں 4.09 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال جولائی سے اپریل کے دوران 44 ارب 79 کروڑ ڈالر کی درآمدات ہوئیں، گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 46 ارب 70کروڑ ڈالر سے زیادہ کی درآمدات کی گئی تھیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے اپریل تک 19 ارب 51 کروڑ ڈالر کا تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا۔