سہ فریقی گیس پائپ لائن منصوبے میں شرکت کے حوالے سے ابتدائی بات چیت کیلئے چینی وفدجلد پاکستان آئے گا،خواہش ہے بھارت اس منصوبے میں شریک رہے مگر نئی دہلی کی طرف سے کوئی مثبت اشارہ نہیں مل رہا،ذرائع وزارت پیٹرولیم

جمعرات 26 جون 2008 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2008ء) سہ فریقی گیس پائپ لائن منصوبے میں شرکت کے حوالے سے ابتدائی بات چیت کیلئے چین کاوفدجلد پاکستان کادورہ کرے گا ۔پاکستانی وزارت پیٹرولیم کے ایک عہدیدار نے(نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر) بھارتی خبررساں ادارے کوبتایاکہ رواں ماہ کے شروع میں پاکستان کی طرف سے چین کواس منصوبے میں شرکت کے لئے باقاعدہ تجویز بھیجی گئی تھی جس پر چین کی طر ف سے مثبت ردعمل ملا ہے ۔

(جاری ہے)

عہدے دار نے بتایا اب اس سلسلے میں چین کاایک وفد جلد پاکستان کادورہ کرے گا اورممکن ہے کہ چینی وفد ایران بھی جائے ۔ایک سوال پر عہدے دار نے بتایاکہ پاکستان نے ایران کی رضامندی سے چین کو اس منصوبے میں شرکت کیلئے دعوت دی ہے ۔عہد ے دار نے بتایاکہ پاکستان کی خواہش ہے کہ بھارت گیس پائپ لائن منصوبے میں شریک رہے مگر نئی دہلی کی طرف سے اس حوالے سے کوئی مثبت اشارہ نہیں مل رہا ۔عہدے دار نے مزید بتایاکہ سہ فریقی گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے تو مارچ 2009ء میں اس منصوبے پر کام شروع ہوجائے گا جو ستمبر2012تک مکمل ہوجائے گا ۔