صد مشرف کے مواخذے کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی، پاکستان اپنی سرزمین پر کسی غیر ملکی فوج کو کارروائی کی ہرگز اجازت نہیں دے گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

ہفتہ 12 جولائی 2008 12:08

امریکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 12جولائی 2008ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر پرویز مشرف نے ماضی میں اہم کر دار ادا کیا لیکن اب وقت بدل چکا ہے ، پاکستانی عوام نے اٹھارہ فروری کو تبدیلی کا مینڈیٹ دیا ہے ، بش انتظامیہ بھی اس حقیقت کا ادراک کرے ۔ دورہ امریکا کے دوران واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو اور امریکی تھنک ٹینک سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پرویز مشرف اس وقت تک صدر رہیں گے جب تک پارلیمنٹ چاہے گی۔

پاکستان میں نئی حکومت صدرمشرف کے دور میں امریکا کیساتھ جاری رہنے والے تعاون کی دفاعی نوعیت کو بدلنا چاہتی ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے بش انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ملک میں صدر مشرف کے بجائے جمہوریت کی حمایت اور مدد کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انتہائی نازک اور خٰوشگوار تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شخصیات اہم ہوتی ہیں کیونکہ وہ قیادت فراہم کرتی ہیں لیکن انحصار اداروں پر ہی کیا جاتا ہے ۔

افغانستان میں امریکی جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکی جنگ افغان مسائل کی بنیادی وجہ ہے کیونکہ افغان شہریوں کی اکثریت ان اقدامات کو سمجھنے سے قاصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ طویل مدتی تعلقات اور تعاون چاہتا ہے۔اس سے پہلے واشنگٹن میں امریکی وزیرخارجہ کونڈولیزارائس سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں? شدت پسندوں کے خلاف کوئی بھی کارروائی پاکستانی فورسز ہی کریں گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ انہوں نے امریکی ہم منصب پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی غیر ملکی فوج کو کارروائی کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔