پاکستان اور جمہوریہ چیک کا دہشتگردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی کیلئے تعاون کرنے پر اتفاق، عسکریت پسندوں کی طرف سے شروع کردہ جنگ معمولی لڑائی نہیں ،گوریلا جنگ ہے ، وزیراعظم

ہفتہ 25 اکتوبر 2008 22:23

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر۔2008ء) پاکستان اور جمہوریہ چیک نے لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے دہشتگردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی کیلئے تعاون کرنے سے اتفاق کیا ہے۔جمہوریہ چیک کے نائب وزیراعظم الیگزینڈراوندرا نے ہفتے کے روز بیجنگ میں ایشیا یورپ سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اسلام آباد میریٹ ہوٹل پر بم حملے میں جمہوریہ چیک کے سفیر کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے باعث پوری دنیا متاثر ہورہی ہے۔ پاکستان دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہے اس لئے لوگوں خاص طور پرغیر ملکیوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کر رہا ہے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے شروع کی گئی یہ معمول کی لڑائی نہیں بلکہ گوریلا جنگ ہے جس سے قومی معیشت غیر مستحکم ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اس خوفناک صورتحال کو روکنے کیلئے پوری طرح چوکس ہے۔ جمہوریہ چیک کے نائب وزیراعظم نے سفیر کی ہلاکت پر گہری تشویش اور جمہوریہ چیک کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ دلچسپی سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت کی اور تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم گیلانی نے امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔