آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت ٹریک پر ہیں تاہم حتمی معاہدہ نہیں طے پایا ہے ، حسین حقانی

جمعرات 30 اکتوبر 2008 12:26

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 30اکتوبر 2008 ء) پاکستان نے کہا ہے کہ ملک کو مالیاتی بحران سے نکالنے کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات انتہائی مثبت ٹریک پر ہیں تاہم عالمی ادارے کے ساتھ ابھی تک معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے یہ بات امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر حسین حقانی نے ایک انگریزی اخبار کو انٹرویو میں کہی ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کو غیر ملکی قرضہ جات پر ممکنہ طور پر دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے قرضے کے پیکج کی منظوری دیدی ہے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت سمت جارہے ہیں تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے ذرائع نے بھی بتایا ہے کہ ابھی تک حتمی معاہدہ طے نہیں پایا ہے اور مذاکرات مثبت ٹریک پر جارہے ہیں اور دونوں فریقوں کے لون پیکج پر اتفاق رائے پر پہنچنے کے باوجود انہیں پیکج کی آئی ایم ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی سے منظوری کی ضرورت ہوگی ذرائع کے مطابق معاہدہ طے پانے کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی پندرہ نومبر سے پہلے اس کی منظوری دیدے گی ۔