پاکستان سعودی عرب کو نئی شکل میں امداد کیلئے درخواست کریگا،نجی ٹی وی کادعویٰ

منگل 4 نومبر 2008 18:17

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین04نومبر2008 ) پاکستان سعودی عرب کو تیل اور نئی شکل میں امداد کیلئے درخواست کرے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سعودی امداد کی بنیاد پر آئی ایم ایف سے قرضے کے حجم اور شرائط کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث پاکستان سعودی عرب سے تیل کے علاوہ نرم شرائط پر قرضے اور مزید شعبوں میں سرمایہ کاری کی درخواست کرے گا۔

مشیر خزانہ شوکت ترین سعودی حکام کو پاکستان کی معاشی مشکلات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے تحفظ اور ملکی اقتصادی انتظام میں بہتری کی یقین دہانی کروائی جائے گی۔ سعودی عرب کے سامبا بینک کی شاخیں پاکستان میں کھولنے، زراعت کے شعبے خصوصاً کھاد کے شعبے میں تعاون سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر بھی بات چیت ہو گی۔ پاکستان کو سعودی عرب سے اب پینسٹھ ڈالر فی بیرل پر کل سالانہ دو ارب ڈالر کے قریب ملنے کی توقع ہے۔ مشیر خزانہ سعودی عرب سے واپسی پر آئی ایم ایف سے قرضہ حاصل کرنے کے لئے حتمی شکل دیں گے جس میں شرح سود بڑھانے کی شرائط خاص طور پر بڑا مسئلہ ہو گا۔