صدر سے تیل اور گیس تلاش کرنے والی اطالوی کمپنی ای این آئی کے وفد کی ملاقات،پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے یکساں پرکشش مواقع موجود ہیں، پاکستان اس اہم شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ، ڈی ریگولیشن اور لبرلائزیشن کے اصولوں پر مبنی اصلاحات کے پروگرام پر کام کر رہا ہے، آصف زرداری

بدھ 18 مارچ 2009 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2009ء) صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاریوں کیلئے یکساں پرکشش مواقع موجود ہیں یہ بات انہوں نے اٹلی کی تیل تلاش کرنے والے کمپنی ای این آئی کے سات رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر پاولو سچارونی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین ، وزیر سرمایہ کاری سینیٹر وقار احمد، سیکرٹری پٹرولیم محمود سلیم محمود ، چیئرمین سرمایہ کار ی بورڈ سلیم مانڈوی والا اور صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے علاوہ اسلام آباد میں اٹلی کے سفیر ونچیزو پراتی بھی موجود تھے ۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان کی توانائی ضروریات کا اسی فیصد تیل اور گیس کے ذریعے پورا ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

توانائی کی ضروریات کی وجہ سے تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کو باہمی مفاد میں بھر پور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اس اہم شعبے میں اصلاحات کے پروگرام پر کام کر رہاہے جو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ، ڈی ریگولیشن اور لبرلائزیشن کے اصولوں پر مبنی ہے انہوں نے پاکستان کے تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں سب سے اہم کردار ادا کرنے پر ای این آئی کی خدمات کو سراہا۔

کمپنی کی سی ای او نے گزشتہ کئی سالوں کے دوران تیل و گیس کی تلاش میں پاکستانی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی طرف سے تیل و گیس کی تلاش کے سلسلہ میں میں جس تیزی سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس سے امید کی جانی چاہئے کہ یہ بہت جلد اس شعبے میں خود کفالت حاصل کر لے گا۔

متعلقہ عنوان :