وزیراعظم کاکراچی میں لوڈشیڈنگ پراظہار تشویش،وزارت پانی وبجلی اور پیپکو کو بجلی کی فراہمی معمول پر لانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت

جمعہ 26 جون 2009 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2009ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کراچی میں بجلی کی کمی اور لوڈشیڈنگ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت پانی وبجلی اور پیپکو کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں بجلی کی فراہمی معمول پر لانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی جمعہ کو ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں وفاقی وزیر پانی وبجلی راجہ پرویز اشرف ، وزیراعظم کے مشیر خزانہ شوکت ترین ، وزیر مملکت برائے خزانہ واقتصادی امور حنا ربانی کھر اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریوں نے شرکت کی ، وزیراعظم نے کراچی کے کچھ علاقوں میں بجلی کی کمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کیلئے پیدا ہونے والے مسائل پر شدید تشویش اور ناراضگی کا اظہار کیا انہوں نے وزارت پانی وبجلی اور پیپکو کو ہدایت کی کہ کراچی میں بجلی کی سپلائی معمول پر لانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ، وفاقی وزیر پانی وبجلی راجہ پرویز اشرف نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔