مائع پیٹرولیم گیس کی فی ٹن سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس 91 ڈالربڑھنے سے فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت میں9.80روپے اضافے کا خدشہ

بدھ 1 جولائی 2009 13:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جولائی ۔2009ء) مائع پیٹرولیم گیس کی فی ٹن سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس 91 ڈالربڑھنے سے ملک میں پیداواری سطح پرفی ٹن ایل پی جی کی قیمت بمعہ جی ایس ٹی9848 روپے بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ نتیجتاً فی کلو گرام ایل پی جی کی قیمت میں9.80 روپے ، 11.8 کلو گرام سلینڈر کی قیمت116 روپے اور 45.4 کلو گرام سلینڈر کی قیمت444روپے کا اضافہ ہوجائے گا۔

یہ بات آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن اور ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایل پی جی کے چیئرمین عبدالہادی خان نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایل پی جی کے سرپلس ذخائر کے باعث پروڈیوسروں کو نئی کنٹریکٹ پرائس کے مطابق قیمتوں میں اضافے سے گریز کرنا چاہیے یہ حقیقت ہے کہ مائع پیٹرولیم گیس کے خام مال پروپین، بیوٹین کی فی ٹن قیمتوں میں بالترتیب 105 اور 85 ڈالر بڑھنے سے ایل پی جی کی کنٹریکٹ پرائس 437 ڈالر سے بڑھ کر 528 ڈالر ہوگئی ہے لیکن پاکستان میں پیدا ہونے والی ایل پی جی سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس سے ڈی لنک ہے لہٰذا ملک میں سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس پر عملدرآمد نہ کیا جائے بلکہ مقامی پیداوار میں اضافہ کیا جائے کیونکہ مقامی پیداوار گھٹ کر صرف 1100ٹن رہ گئی ہے جونومبر،دسمبر2008میں1600ٹن تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جنوری تا 30 جون 2009ء کے دوران ملک میں مجموعی طور پر 41 ہزار 740 میٹرک ٹن ایل پی جی کی درآمدات ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ایل پی جی کے ذخائر سرپلس ہوگئے ہیں اور مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان مسابقت بڑھنے سے ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت گھٹ کر 59 تا 60 روپے کی سطح پر آگئی تھی لیکن جون میں سرپلس ذخائر کے باوجود پیداواری سطح پر قیمتیں بڑھائے جانے کے بعد ڈھائی کروڑ صارفین کی کمر ٹوٹ جائے گی اور ایل پی جی کے فروخت کے حجم پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پروڈیوسروں کو سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس کے مطابق ایل پی جی کی مقامی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے پر پابند بنائے کیونکہ سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس میں ہونے والے اضافے کے تناسب سے مقامی مارکیٹ میں فی کلو گرام ایل پی جی کی قیمت بڑھ کر70 روپے تک پہنچ جائے گی۔ ہادی خان نے کہا کہ اگر حکومت درآمدی ایل پی جی کی ٹرمینل پرپہنچنے تک16 فیصد جی ایس ٹی کی چھوٹ اوردیگر چارجز کی مد میں9 فیصدکے اخراجات میں رعایت دے توتو عوام کو بلحاظ قیمت ر یلیف مل سکتا ہے۔