وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا موٹر وے پولیس کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان

جمعرات 27 اگست 2009 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست ۔2009ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے موٹر وے پولیس کے لئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کر دیا ۔ وزیر اعظم نے موٹر وے پولیس کی کارکردگی تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماڈل پولیسنگ سسٹم سے شاہراہوں پر حادثات اور جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے ، نیشنل ہائی وے اور موٹر وے کے پولیس افسران کو تربیت کے لئے بیرون ملک بھیجوایا جائے گا۔

وہ نیشنل ہائی وے اور موٹر وے کی تقریب انعامات و میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیر اعظم نے گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ اس موقع پر بلدیاتی نظام سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ میں خود ضلعی نظام سے وزیراعظم کے عہدے تک پہنچا ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صحت سے متعلق پالیسی کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے ،این ایف سی کا مطالبہ ہم نے قبول کیا، نواب اکبر بگٹی کے قتل پر دلی دکھ ہوا ہے ، بلوچستان کے مسائل حل کیے جائیں گے اور اس حوالے سے مختلف کمیٹیوں اور قومی سلامتی کمشن کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ میثاق جمہوریت پر عمل درآمد کے لئے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں۔