کراچی اسٹاک ایکسچینج میں محدود پیمانے پر تیزی ، سرمایہ کاری مالیت میں 11ارب روپے سے زائد کا اضافہ

منگل 13 اکتوبر 2009 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر ۔2009ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کومحدودپیمانے پر تیزی رہی تاہم کے ایس ای 100انڈیکس 9600کی نفسیاتی حد پر برقرار رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں11ارب روپے سے زائدکااضافہ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 24.61فیصد کم جبکہ48.09فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں اور مقامی بروکریج ہاؤسسز کی جانب سے مخصوص حصص کی خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ،ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس9700 کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا، مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ اینڈ ٹیکنگ اور فروخت کے دباؤ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا،۔

(جاری ہے)

ملک میں امن وآمان کی خراب صورتحال کے باعث مقامی سرمایہ کار وں نے حصص کو فروخت کرنے میں ترجیح دی تاہم غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کا سلسلہ جاری رہا۔

کاروباری حلقوں اور اسٹاک ماہرین کے مطابق کیری لوگر بل کے سلسلے میں پیدا ہونے والے تنازع اور بالخصوص اس کی مستردگی کی صورت میں پاکستان کے لئے مزید مشکلات مستقبل میں صورتحال کو پیچیدہ کر سکتی ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس ضمن میں نتائج کا انتظار ہے۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 43.84پوائنٹس اضافے سے9686.40پوائنٹس پر بند ہوا۔

مجموعی طور پر420کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 202کمپنیوں کے حصص بھاؤ میں اضافہ201کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 17کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 11ارب 8کروڑ 54لاکھ 95ہزار 335روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت 28کھرب 80کروڑ 49لاکھ 68ہزار 594روپے سے بڑھ کر 28کھرب 11ارب89 کروڑ4لاکھ 64ہزار29روپے ہو گئی مجموعی طور پر کاروباری حجم 11کروڑ81لاکھ 38ہزار 49شیئرز رہا جو پیر کے مقابلے میں 3کروڑ85لاکھ 78ہزار674شیئرز کم ہے۔

قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے یونی لیورپاک کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت54.16روپے اضافے سے2280.16روپے اور ہینو موٹر زلمیٹڈکے حصص کی قیمت13.69روپے اضافے سے287.51روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی باٹا پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کی حصص کی قیمت34.96روپے کمی سے840.04روپے جبکہ سروس انڈسٹریزلمیٹڈ کے حصص کی قیمت9.73روپے کمی سے207.41 روپے پر بند ہوئی۔

منگل کوعارف حبیب سیکورٹیز کی سرگرمیاں 1کروڑ98لاکھ 86ہزار633شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی جس کے شیئرز کی قیمت 2.20روپے اضافے سے48.06روپے اورجہانگیر صدیقی کی سرگرمیاں 1کروڑ67لاکھ 35ہزار588شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 9پیسے اضافے سے 39.19روپے پر بند ہوئی۔منگل کو کے ایس سی 30انڈیکس 63.90پوائنٹس اضافے سے 10318.59پوائنٹس،کے ایم آئی 30انڈیکس 97.70 پوائنٹس اضافے سے 13999.42پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27.29پوائنٹس اضافے سے6877.79پوائنٹس پر بند ہوا ۔ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں لکویڈٹی کی کمی کے باعث افراط ذر اور شرح سود کے حوالے سے خدشات مارکیٹ میں موجود رہیں کے۔ تاہم آئیندہ دنوں میں رزلٹ سیزن کے آغاز سے مارکیٹ پر مثبت اثر دیکھا جاسکتا ہے۔