کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل جاری ، سرمایہ کاری مالیت میں 33ارب روپے سے زائد کا اضافہ

بدھ 14 اکتوبر 2009 16:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اکتوبر ۔2009ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل جاری کاروباری ہفتے تیسرے روز بدھ کو تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس بیک وقت 9700اور 9800کی نفسیاتی حد سے عبور کرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں33ارب روپے سے زائدکااضافہ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 86.70فیصد زائد جبکہ 63.63فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں اور مقامی بروکریج ہاؤسسز کی جانب سے بیشتر کمپنیوں کے حصص کی نچلی سطح پر آئی ہوئی پرکشش قیمتوں پر خریداری کے باعث کاروبار کا آغازمثبت زون میں ہوا ‘تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا ۔تاہم کلائنٹ لیول مارجننگ سسٹم مکمل طور پر قابل قبول نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ بھی رہا،ماہرین اسٹاک تاجران کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں نے ان کمپنیوں کے حصص کی خریداری کی جن کی آئندہ دنوں میں مالیاتی نتائج اور منافع جات کے اعلان ہونے ہیں۔

(جاری ہے)

کاروباری حلقوں اور اسٹاک ماہرین کے مطابق کیری لوگر بل کے سلسلے میں پیدا ہونے والے تنازع اور بالخصوص اس کی مستردگی کی صورت میں پاکستان کے لئے مزید مشکلات مستقبل میں صورتحال کو پیچیدہ کر سکتی ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس ضمن میں نتائج کا انتظار ہے۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 118.21پوائنٹس اضافے سے9804.61پوائنٹس پر بند ہوا۔

مجموعی طور پر429کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 273کمپنیوں کے حصص بھاؤ میں اضافہ136کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 20کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 33ارب 27کروڑ 92لاکھ8ہزار8روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت 28کھرب 11ارب89 کروڑ4لاکھ 64ہزار29روپے سے بڑھ کر 28کھرب 45ارب 16کروڑ 96لاکھ 72ہزار 37روپے ہو گئی مجموعی طور پر کاروباری حجم 22کروڑ5لاکھ 64ہزار 436شیئرز رہا جو منگل کے مقابلے میں 10کروڑ24لاکھ 26ہزار387شیئرز زائد ہے۔

قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے سیمیز پاک انجینئرنگ کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت57.31روپے اضافے سے1457.31روپے اورنیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت49.00روپے اضافے سے1250.00روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی یونی لیور فوڈ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کی حصص کی قیمت56.11روپے کمی سے1343.89روپے جبکہ یونی لیور پاک کے حصص کی قیمت16.52روپے کمی سے 2263.64روپے پر بند ہوئی۔

بدھ کوجہانگیر صدیقی اینڈ کو کی سرگرمیاں 4کروڑ27لاکھ 14ہزار491 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی جس کے شیئرز کی قیمت 1.62روپے اضافے سے40.81روپے اورعارف حبیب سیکورٹیز کی سرگرمیاں 2کروڑ25لاکھ 30ہزار546شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت21پیسے اضافے سے 48.27روپے پر بند ہوئی۔بدھ کو کے ایس سی 30انڈیکس 144.94پوائنٹس اضافے سے 10463.53پوائنٹس،کے ایم آئی 30انڈیکس 183.37 پوائنٹس اضافے سے 14182.79پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 82.38پوائنٹس اضافے سے6960.17پوائنٹس پر بند ہوا ۔ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں لکویڈٹی کی کمی کے باعث افراط ذر اور شرح سود کے حوالے سے خدشات مارکیٹ میں موجود رہیں کے۔ تاہم آئیندہ دنوں میں رزلٹ سیزن کے آغاز سے مارکیٹ پر مثبت اثر دیکھا جاسکتا ہے۔