کراچی اسٹاک ایکسچینج محدود پیمانے پر تیزی، سرمایہ کاری میں 10 ارب روپے سے زائد کا اضافہ

جمعرات 15 اکتوبر 2009 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اکتوبر ۔2009ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل جاری کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو محدود پیمانے پر تیزی رہی تاہم کے ایس ای 100انڈیکس 9800کی نفسیاتی حد پر برقرار رہا۔ سرمایہ کاری کی مالیت میں 10ارب 25کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 2.77فیصد کم جبکہ 52.22فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور صوبہ سرحد کے شہر کوہاٹ میں دہشتگردی کی وارداتوں کے باعث کاروبار کا کا آغاز مندی سے ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 9800کی نفیساتی حد سے بھی گر گیا تاہم بعدازاں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور مقامی بروکریج ہاؤسز کی جانب سے مخصوص کمپنیوں کے حصص میں خریداری کے باعث مندی کا اثرزائل ہو گیا اور کے ایس ای 100انڈیکس ایک پھر 9800کی نفیساتی حد عبور کرگیا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 41.13پوائنٹس اضافے سے 9845.74پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 427کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 179کمپنیوں کے حصص میں اضافہ‘223کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 25کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرماریہ کاری مالیت میں 10ارب 24کروڑ 88لاکھ 89ہزار 202روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مالیت 28کھرب 45ارب 16کروڑ 49لاکھ 72ہزار 37روپے سے بڑھ کر 28کھرب 55ارب 41کروڑ85لاکھ 61ہزار 239روپے ہو گئی۔

مجموعی طور پر کاروباری حجم 21کروڑ 44لاکھ 52ہزار 848شیئرز رہا جو بدھ کے مقابلے میں 61لاکھ 11ہزار 588شیئرز کم ہے۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے رفحان میظ کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 85.55روپے اضافے سے 1829.99روپے اور باٹا پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 18.86روپے اضافے 900.00روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی نیسلے پاکستان کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 37.50روپے کمی سے 1212.50روپے جبکہ الغازی ٹریکٹرز کے حصص کی قیمت 8.70روپے کمی سے 231.49روپے پر بند ہوئی۔

جمعرات کو پی ٹی سی ایل اے کی سرگرمیاں ایک کروڑ 96 لاکھ 81 ہزار 315 شیئرز کے ساتھ سر فہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 17 پیسے اضافے سے 20.98 روپے اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کی سرگرمیاں 1 کروڑ 96 لاکھ 43 ہزار 677 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 3.02 روپے اضافے سے 14.17 روپے پر بند ہوئی۔ جمعرات کو کے ایس سی 30انڈیکس 25.49 پوائنٹس اضافے سے 10489.02 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 142.71 پوائنٹس اضافے سے 14325.50 پوائنٹس اور کے ایس سی آل شیئرز انڈیکس 23.88 پوائنٹس اضافے سے 6984.05 پوائنٹس پر بند ہوا۔