فوج ،سرکاری مشینری اور وزراء کے ذریعے دھاندلی کروا کے پی پی پی کے امیدوار کو کامیاب کروایا گیا، فضل الرحمن

جمعرات 25 مارچ 2010 18:34

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔25مارچ۔ 2010ء) جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حلقہ پی ایف 65 کے ضمنی انتخابات میں فوج سرکاری مشینری اور وزراء کے ذریعے دھاندلی کروا کے پی پی پی کے امیدوار کو کامیاب کروایا گیا ۔ عوام کا فیصلہ تبدیل کیا گیا ۔ نتائج تسلیم نہیں کرتے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ اس حلقے کے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کی جوڈیشل انکوائری کی جائے اور الیکشن کمیشن نوٹیفیکیشن جاری نہ کر ے وہ جے یو آئی کے الیکشن آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر جے یو آئی سرحد کے امیر سینیٹر مولانا گل نصیب خان بھی موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کو سبوتاژ کرنے کیلئے جمعیت کے دفتر میں دھماکے کروائے گئے جس میں ہمارے دو اہم ساتھی شہید ہوئے اور اہم عہدیدار ورکر شدید زخمی ہوئی لیکن ہم نے پھر بھی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر کے حکومتی امیدوار ڈپٹی سپیکر کی سازش کو نا کام بنایا جس کے بعد انہوں نے دھاندلی کا منصوبہ بنایا انہیں اپنی شکست یقینی نظر آ رہی تھی انہوں نے کہا کہ بم دھماکے کے مقدمہ میں ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی ، صوبائی وزیر مخدوم مرید کاظم شاہ اور دھاندلی کی پیداوار سمیع الہل علیزی کو شامل تفتیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جب فوج طلب نہیں کی تو فوج پولنگ اسٹیشنوں پر کہاں گئی ہمارے کارکنوں پر بلاجواز تشدد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کیا ایسے الیکشن شفاف ہو سکتے ہیں جہاں لوگ بیلٹ پیپر باہر لے کر گھوم پھر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے اس منصوبہ کو فوجی ایجینسوں اور حکومت کی مکمل سر پرسرتی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر فیصل کریم نے اپنے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھایا انہیں اخلاقاً مستعفی ہو جانا چاہئے ۔

انہوں خود استعفے دیکر الیکشن لڑنے کی پیشکش کرنے کی بجائے حلقہ پی ایف 65 میں دوبارہ الیکشن کرانے کی پیشکش کرنی چاہئے تھی تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایک نشست کیلئے قومی فیصلے تبدیل نہیں کئے جا سکتے مرکز میں ہم حکومت کے اتحادی رہیں گے۔ بعد ازاں انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام کارکن پر امن رہیں حق و باطل کی یہ لڑائی جاری رہے گی کسی کے آگے نہیں جھکیں گے جعلی الیکشن کو تسلیم نہیں کرتے ۔ اپنے حوصلے بلند رکھیں انہوں نے ہارون اعوان، اجمل وزیر ، فیاض قادری، مخدوم شاہ انکے بھائیوں کا الیکشن میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :