لاہورہائیکورٹ بار کا فیس بک کے مالکان کیخلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ

جمعہ 21 مئی 2010 17:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی۔2010ء) لاہورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے گستاخانہ خاکے دکھانے والی ویب سائٹ ” فیس بک “ کے مالکان کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن،لاہور کی ہیومن رائٹس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت لاہور ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری جنرل بابر مرتضی خان نے کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شمیم الرحمن ملک چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی، لسان اللہ خان شریک چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی ، سردار علی رانا وائس چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی ،وحید احمدچوہدری سیکرٹری ہیومن رائٹس کمیٹی اور مقتدر اختر شبیر سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے علاوہ ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مذکورہ ویب سائٹ نے مسلمانوں کی دل آزاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے چارٹر میں دی گئی مذہبی آزادی کے متعلق حق کی خلاف ورزی کی ہے۔

اقوام متحدہ کے چارٹر آف ہیومن رائٹس میں تمام افراد کو اس کے مذہبی معاملات میں آزادی کے ساتھ یہ بھی حق دیا گیا ہے کہ کوئی بھی کسی کے مذہب کے متعلق غلط بات نہ کرے گا اور ہر ایک کو اپنے مذہب کے متعلق معاملات میں مکمل آزادی ہو گی۔