گھریلو اور کمرشل سولر پینل لگانے والوں پر ٹیکس لگانے کی تجویز سامنے آگئی

سولر پینل لگانے والوں سے فی کلو واٹ 2 ہزار روپے ٹیکس لینے کی تجویز، یہ ٹیکس ایک بار لگے گا، سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھیج دی گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 اپریل 2024 20:06

گھریلو اور کمرشل سولر پینل لگانے والوں پر ٹیکس لگانے کی تجویز سامنے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 اپریل 2024ء) حکومت کی جانب سے گھریلو اور کمرشل سولر پینل لگانے والوں پر ٹیکس لگانے کی تجویز سامنے آگئی، یہ ٹیکس ایک بار لگے گا۔ میڈیا کے مطابق ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ حکومت کی سولر پینل لگانے والوں سے فی کلو واٹ 2ہزار روپے ٹیکس لینے کی تجویز ہے، 12کلوواٹ کے سولر پینل کے گرڈ سے 2ہزار روپے فی کلوواٹ ٹیکس عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

سولر پینل لگانے والوں پر فی کلوواٹ 2ہزار روپے ٹیکس ایک بار لگے گا۔ ٹیکس لگانے کیلئے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے سمری وزارت بجلی کو بھجوا دی ہے۔ سمری کے مطابق 12کلو واٹ کا سولر پینل لگانے والوں سے 24ہزار روپے لئے جائیں گے، پاور ڈویژن نے سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھیج دی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سندھ حکومت نے صوبہ بھر کی 16ڈسٹرکٹ جیلوں پر سولر پینل لگانے کا فیصلہ کیاہے۔

سندھ کے وزیرجیل خانہ جات علی حسن زرداری نے سندھ کی جیلوں میں سولر پینل لگانے کا اعلان کیاہے ۔علی حسن زرداری نے کہاکہ قیدی بیرکس میں پنکھے سولر پینل پر منتقل کئے جائیں گے،دو سو کلو واٹ سے لیکر 600 کل واٹ کے سولر سسٹم نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ کراچی سینٹرل، وومین اور لانڈھی جیل کو سولر پر منتقل کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔علی حسن زرداری نے کہاکہ سکھر، لاڑکانہ،شکارپور،جیکب آباد کی جیلوں کو بھی سولر منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ لاڑکانہ اور سکھر وومین جیل بھی سولر پرمنتقل کی جائے گی۔صوبائی وزیرنے کہاکہ ٹینڈر جاری ہیں دوسرے مرحلے میں حیدرآباد، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، خیرپور، گھوٹکی، شکارپور کے جیلوں کو سولر پر منتقل کیا جائیگا۔بچہ و خواتین جیل میں مشینری اور کلاس رومز کو بھی سولر پر منتقل کیا جائے گا۔