انجم عقیل خان کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد‘ عدالت نے 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا،طبی معائنہ کرانے کی ہدایت پمز ڈاکٹرز کا چار رکنی بورڈ تشکیل ،اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشست اہم ہے جس کیلئے سب کچھ کیا جار ہا ہے‘ سرخرو ہو کر نکلوں گا‘ انجم عقیل

پیر 18 جولائی 2011 15:25

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا-اسلام آباد پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کو پیر کی صبح سخت حفاظتی انتظامات میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا‘ انہوں نے ہفتہ کی شب پولیس کو گرفتاری پیش کی تھی-قبل ازیں انہیں فراڈ کے ایک مقدمہ میں گرفتار کیا گیاتھا تاہم انجم عقیل کے ساتھی انہیں پولیس حراست سے چھڑا کر لے گئے تھے جس پر پولیس نے ان کے خلاف متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا جبکہ سول جج کی عدالت سے انہیں اشتہاری قراردلوایا گیا تھا-مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ہدایت پر انجم عقیل نے ہفتہ کی شب گرفتاری پیش کر دی تھی