بلوچستان‘ہسپتالوں میں ہڑتال، پاک فوج کے40 ڈاکٹروں کی خدمات حاصل ، ہڑتالی ڈاکٹروں کے کلینک سیل، سرکاری ہسپتالوں کے اوپی ڈیز اور آپریشن تھیٹر بند ہونے سے ہزاروں مریضوں کو مشکلات کا سامنا

منگل 20 نومبر 2012 15:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 20نومبر 2012ء ) بلوچستان میں مغوی ڈاکٹر کی بازیابی کیلئے پی ایم اے کی کال پر ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث حکومت نے پاک فوج کے40 ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کر لیں۔ ہڑتالی ڈاکٹروں کی نجی کلینک سیل کر دئیے گئے۔منگل کو کوئٹہ سمیت صوبے بھر کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں پی ایم اے کی کال پر ڈاکٹر سعید کی بازیابی کیلئے او پی ڈیز،آپریشن تھیٹرز اور ایمر جنسی سروسز کا بائیکاٹ کیا۔

سرکاری ہسپتالوں کے اوپی ڈیز اور آپریشن تھیٹر بند ہونے سے ہزاروں مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ساتھی ڈاکٹر کی بازیابی پر مہم چلانے والے ڈاکٹروں اور حکومت کے مابین معاملات سنگین صورت حال اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی اپیل پر صوبے میں ڈاکٹروں کے اغوا کے خلاف تمام سرکاری ہسپتالوں میں اوپی ڈیز اور جنرل آپریشن تھیٹر بند کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیکرٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ کا کہنا ہے کہ حکومت بلوچستان نے مریضوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک فوج سے مدد طلب کرتے ہوئے ایک لیٹر جاری کیا ہے جس پر پاک فوج کے سربراہ نے مکمل رضا مندی کا اظہار کیا ہے جس پر چالیس ڈاکٹر کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں کام کریں گے۔انھوں نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں نرسسز اور پیرا میڈیکس اسٹاف ہڑتال پر نہیں ہیں اگر ضرورت پڑی تو پاک فوج انھیں پیر امیڈیکس اسٹاف اور نرسسز بھی فراہم کر ے گا۔

صوبائی حکومت نے ڈھائی سو ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کر کے متعلقہ حکام کو بھجوا دئیے۔جبکہ گزشتہ روز ریڈ زون کی خلا ف ورزی کرنے پر 71 ڈاکٹرز کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز ڈاکٹروں کی ریلی پر پولیس کے تشدد کے بعد ینگ ڈاکٹر ،پی ایم اے اور دیگر ڈاکٹر تنظیموں نے ایمرجنسی کا بھی بائیکاٹ کردیا۔ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز آپریشن تھیٹر بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :