اسلام اباد، لانگ مارچ کے دوران سیکیورٹی کی مانیٹرنگ کیلئے فیض آباد سے ریڈ زون تک سی سی ٹی وی کیمرے نصب ، ریڈ زون 41 کنٹینرز کے ذریعے سیل ،پی ٹی اے دفتر میں سیکیورٹی آفس قائم،کے پی کے سے 3 ہزار سیکیورٹی اہلکار اسلام آباد پہنچ گئے

ہفتہ 12 جنوری 2013 19:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12جنوری۔2013ء) طاہر القادری کے لانگ مارچ کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے فیض آباد سے لے کر ریڈ زون تک سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے ہیں جبکہ ریڈ زون کے علاقے کو 41 کنٹینرز کے ذریعے سیل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق طاہر القادری کے لانگ مارچ کو تحفظ اور سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پی ٹی اے کی عمارت میں لانگ مارچ کی سیکیورٹی کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس غیر ملکی سفارتکاروں اور عملہ کو سیکیورٹی کے حوالے سے گائید لائن دے رہی ہے کہ وہ لانگ مارچ کے دوران اپنی سرگرمیاں محدود رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے جبکہ 3 ہزار پولیس او رایف سی اہلکار خیبر پختونخواہ سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ان کی رہائش اور کھانے پینے کا انتظامات سپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر صورتحال کنٹرول سے باہر ہوتی نظر آئی تو فوج کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔