(ن) لیگ نے پارٹی منشور کو حتمی شکل دے دی، ہر خاندان کو نوکری دینے اور تعلیم و صحت کی سہولیات کو بہتر بنا یا جا ئیگا،توانائی بحران کے حل کے لئے سرکولر ڈیٹ کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے بجلی و گیس کے نادہندگان سے تمام واجبات مخصوص مدت میں وصول کیئے جائیں گے،لائن لاسز کی ریکوری کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامی مسائل دور کر کے ملک بھر میں بجلی و گیس کی یکساں پالیسی کو یقینی بنایا جائے گا،منشور میں وعدے

بدھ 30 جنوری 2013 22:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔30جنوری۔ 2013ء) مسلم لیگ(ن)نے پارٹی منشور کو حتمی شکل دے د ی، عالمی معاہدے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا اعلان، ہر خاندان کو نوکری دینے اور تعلیم و صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے جیسے وعدے منشور کا حصہ ہیں۔بدھ کو یہاں (ن) لیگی ذرائع کے مطابق سابق وزیرخزانہ سر تاج عزیز کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کی 25رکنی کمیٹی نے پارٹی منشور کو حتمی شکل دے دی ہے، ملک بھر میں ہر خاندان کو نوکری دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

توانائی بحران کے حل کے لئے سرکولر ڈیٹ کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے بجلی و گیس کے نادہندگان سے تمام واجبات مخصوص مدت میں وصول کیئے جائیں گے۔ لائن لاسز کی ریکوری کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامی مسائل دور کر کے ملک بھر میں بجلی و گیس کی یکساں پالیسی کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پارٹی منشور میں سرکاری اخراجات میں کمی اور سادگی کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔

سرمیہ کاروں کو مراعات دینے اور خیبر پختونخواہ اور فاٹا میں تجارتی و صنعتی زونز قائم کرنے جیسے منصوبے بھی منشور کا حصہ ہیں۔ ٹیکس اصلاحت کے زریعے ٹیکسوں کی وصول کے نظام میں بڑی تبدیلیاں لانے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ کراچی سے مکران تک موٹروے کی توسیح اور پشاور سے کراچی تک بلٹ ٹرین کے منصوبے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے پارٹی منشور میں ملک بھر میں آبادی کے تناسب سے ہسپتالوں کے قیام اور پسماندہ علاقوں میں خصوصا خواتین کے تعلیمی اداروں کے قیام کو ترجیح دی جائے گی۔ نون لیگ منشور کا باقاعدہ اعلان عام انتخابات سے قبل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :