نگراں حکومت سندھ میں شفاف انتخابات کیلئے کوشاں ہے، کراچی شہر منی پاکستان ہے ، گنجان آباد شہر ہونے کے باعث کچھ مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے ،امن وامان یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی کی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سے گفتگو

جمعہ 12 اپریل 2013 23:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12اپریل۔2013ء) نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ کراچی شہر منی پاکستان ہے ، گنجان آباد شہر ہونے کے باعث کچھ مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے جن کے تدارک کے لئے نگراں صوبائی حکومت دن رات کوشاں ہے۔ وہ جمعہ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر فرانسز کیمبل سے بات چیت کررہے تھے ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی ہیڈ آف مشن برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر شہریار خان نیازی بھی موجود تھے۔ انہوں نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ سے صوبہ سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال، حالیہ انتخابات سمیت مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ موجودہ نگراں حکومت صوبہ سندھ میں صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بھی ہر ممکن مدد اور تعاون کیا جارہا ہے تاکہ شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں امن وامان اور سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا ہ نگراں حکومت امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے اور ہماری یہ کوشش ہے کہ شہر میں سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنائیں اور ہم اپنے وسائل کے مطابق تمام اقدامات کررہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے اور توقع ہے کہ حکومتی اقدامات کے جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بتایا کہ حکومت صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے اور انہوں نے انتخابی عمل کے دوران سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کے سلسلے میں آئی جی پولیس سندھ اور ڈی جی رینجرز کو واضح ہدایات دی ہیں۔ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا کہ اندرون سندھ میں تعلیم کے شعبے میں بہتری کی بہت گنجائش ہے اور اس سلسلے میں حکومت بطانیہ ہمارے ساتھ ملکر اقدامات اور تعاون کرے۔

برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کو حکومت برطانیہ کی جانب سے تمام ممکنہ مدد اور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت برطانیہ سندھ ایجوکیشن ٹرسٹ کے تحت اندرون سندھ مختلف شہروں اور دیہی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں ایک ملین یورو فنڈز رکھے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کی بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

بعد ازاں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے برطانویہ ڈپٹی ہائی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو سندھ کے روایتی تحائف سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کئے۔ دریں اثناء رشین فیڈریشن کے قونصل جنرل اینڈری وی ڈیمی ڈو نے بھی نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے ملاقات کی اور ان سے آئندہ ہونے والے انتخابات سمیت مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے رشین فیڈریشن کے قونصل جنرل کو بتایا کہ نگراں حکومت صوبہ سندھ میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے اور پرامن اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ بعد میں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے رشین فیڈریشن کے قونصل جنرل کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحففہ پیش کیا۔