سپریم کورٹ میں آج رینٹل پاور عملدرآمد کیس کی سماعت ہو گی

پیر 27 مئی 2013 11:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27مئی 2013ء) سپریم کورٹ میں آج رینٹل پاورعمل در آمد کیس، چیئرمیں نیب تقررکیس، آئی بی فنڈز کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہو گی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ رینٹل پاورعملدرآمد کیس کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

اس مقدمے میں عدالت عظمی نیب کو ملزمان کے خلاف چالان پیش کرنے اوران کی گرفتاری کا حکم دے چکی ہے تاہم نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نےتا حال کسی ملزم کے خلاف باقاعدہ ریفرنس دائر نہیں کیا۔

عدالت عظمیٰ میں چیئرمین نیب فصیح بخاری کی تقرری کے خلاف چوہدری نثارعلی کی درخواست اور چیئرمین نیب فصیح بخاری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت بھی آج ہو گی۔ چیئرمین نیب نے صدر کو ایک خط میں سپریم کورٹ پر بےجا مداخلت کا الزام عائد کیا تھا۔ عدالت نے اس خط کو توہین عدالت قراردیتے ہوئے فصیح بخاری سے جواب طلب کر رکھا ہے۔