کراچی، بھتہ خوروں سمیت مزید 50سے زائدمشتبہ افراد گرفتار، میٹرول میں بیگ سے 3دستی بم برآمد،اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں ایم کیوایم کے دفتر کے قریب کریکر حملہ ،دفتر بندہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

اتوار 22 ستمبر 2013 20:12

کراچی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22ستمبر۔2013ء) پولیس اور رینجرز کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں کی گئی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران بھتہ خوروں اور ایک جعلی پولیس اہلکار سمیت 50سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے گیا ہے جبکہ میٹروول سے ملنے والے ایک لاوارث بیگ سے برآمد ہونے والے دستی بموں کو بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنادیا ہے،اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں ایم کیوایم کے دفتر کے قریب کریکر حملہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق سائٹ کے علاقے بیوہ کالونی میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 24افرادکوحراست میں لے لیا۔ حراست میں لئے جانے والے افراد میں 2مبینہ بھتہ خور بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزموں سے مسروقہ موٹرسائیکلیں اور اسلحے کی برآمدگی کا دعوی کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس علاقے میں کارروائی کے دوران ایک جعلی پولیس اہلکار کو بھی قابو کرلیا گیا ہے جس کے پاس سے پولیس کی وردی ، جعلی شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔

مبینہ ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران 6مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ شرافی گوٹھ میں پولیس نے چھاپہ مارکر مغوی لڑکی کو بازیاب کر کے تین اغواکاروں کو گرفتار کر لیاہے۔ ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد ہواہے۔ شاہ فیصل کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاہے۔ سپر ہائی پر واقع بسم اللہ مارکیٹ میں پولیس نے مسافر خانوں میں کاروائی کر کے 5مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس نے کلفٹن بلاک 4میں رہائشی فلیٹ پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مختلف وارداتوں میں مطلوب ملزم غلام رسول کو گرفتار کرلیاہے۔ سپر ہائی پر واقع بسم اللہ مارکیٹ میں پولیس اور ریپڈ ریسپونس فورس نے مسافر خانوں میں کاروائی کر کے 5مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ جنجال گوٹھ میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی میں 13افراد کو حراست میں لے لیا گیاہے۔

دوسری جانب میٹروول میں سڑک کے کنارے مشکوک بیگ کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز اہلکار بروقت موقع پر پہنچ گئے اور بیگ کی تلاشی کے دوران اس میں سے 3دستی بم برآمد کرلئے بعد ازاں انہیں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنادیا گیا۔ادھراورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں ایم کیوایم کے دفتر کے قریب کریکر حملہ کیا گیا ہے۔ ایس پی اورنگی ٹاون چودھری اسد کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد نے ایم کیوایم کے یونٹ 121بی کے دفترکے قریب کریکر پھینکا ، کریکر حملے کے وقت دفتر بند تھا، جس کی وجہ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔